پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں،حاجی محمد خان طور اتمانخیل

پاکستان اور ایران کافلسطین کے حوالے سے مؤقف واضح ہے ، رکن صو بائی اسمبلی کابیان

جمعہ 26 اپریل 2024 19:55

لورالائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صو بائی اسمبلی حاجی محمد خان طور اتمانخیل نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستانیوں اورایرانیوں کے دل ہمیشہ ایک ساتھ دھڑکتے ہیں،ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ’’دورہ پاکستان‘‘سے دونوں ملکوں کے دیرینہ اورخوشگوار تعلقات کی تجدید اور مزید مستحکم بنانے میں سنگ میل ثابت ہو گا، دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تجارتی حجم اڑھائی ارب ڈالر کو مستقبل قریب میں پانچ ارب ڈالر پر لے جانے کے مقررہ ہدف کو ایران کی جانب سے 10ارب ڈالر پر لے جانے کا اعلان خوش آئند ہے،جس سے ملکی معیشت کے استحکام پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے، دونوں ممالک کوامریکہ کی جانب سے ایران کے ساتھ بہتر تعلقات اور گیس لائن منصوبے کی تکمیل کے تناظر میں پاکستان کوپابندیوں کا سامنا کرنے کی دھمکیوں میں نہیں آنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے تاریخی، تہذیبی، مذہبی اور ثقافتی مراسم ہیں،جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہورہے ہیں، دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ باہمی تجارت‘ توانائی، زراعت اور دوطرفہ ثقافتی رابظوں سمیت کئی شعبوں میں تعاون کے روشن اور وسیع امکانات ہیں۔ پاکستان اور ایران کافلسطین کے حوالے سے مؤقف واضح ہے اور دونوں سمجھتے ہیں کہ مسئلہ فلسطین کا پائیدارحل صرف عالم اسلام کا نہیں بلکہ پوری دنیا اورخطے میں امن و استحکام کیلئے اہمیت کاحامل اور ضروری ہے۔

لورالائی میں شائع ہونے والی مزید خبریں