وادی کاغان میں شدید بارش کے ساتھ برف باری کا آغاز، شاہراہ کاغان پر سفر کرنے والوں کیلئے انتباہ جاری

پیر 10 دسمبر 2018 23:26

بالاکوٹ۔ 10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) وادی کاغان میں موسم سرما کی شدید بارشوں کے ساتھ برف باری کا آغاز ہو گیا ہے،انتظامیہ نے شاہراہ کاغان پر سفر کرنے والوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔ناراں تک ذرائع آمدورفت پہلی بار ماہ دسمبر میں متاثر ہوئی ہے۔بالائی علاقے سفید چادر سے ڈھک گئے،زیریں علاقوں میں سردی بڑھ گئی۔

(جاری ہے)

وادی کاغان میں بارشوں کے باعث شاہراہ کاغان پر ٹریفک روانی متاثر اور مختلف مقامات پر سلائیڈنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ انتظامیہ نے شاہراہ کاغان پر سفر کرنے والے سیاحوں کو تنبیہ کی ہے کہ سڑک پر گاڑی کھڑی کر کے سیلفیاں نہ بنائیں تاکہ ٹریفک متاثر نہ ہو، پیٹرول کا ٹینک فل رکھیں اور غلط پارکنگ نہ کریں،اتوار اور پیر کی درمیانی شب وادی کاغان کے مختلف علاقوں،کاغان،شوگراں،بٹہ کنڈی،جھلکڈ میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو کہ بغیر کسی وقفے کے جاری ہے،دوسری جانب زیریں علاقوں میں بارشوں کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ہے ،محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں