اوگی میں بارشوں کا پانی داخل ہونے سے 7 دکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان تباہ ہو گیا

بدھ 17 اپریل 2019 14:11

اوگی میں بارشوں کا پانی داخل ہونے سے 7 دکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان تباہ ہو گیا
مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2019ء) اوگی میں شدید بارش کے بعد جلال آباد چوک میں بارش کا پانی دکانوں کے اندر جانے سے 7 دکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان تباہ ہو گیا۔ اے سی اوگی بابر خان تنولی اور صدر ایوان تجارت سربلند خان نے اپنی کابینہ اراکین، فائر بریگیڈ، ٹی ایم اے عملہ اور دکانداروں کے ساتھ ملکر متاثرہ دکانوں سے تباہ ہونے والے سامان کو باہر نکالا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات اوگی میں شدید بارش کے دوران اوگی بازار کے جلال آباد چوک میں مذکورہ 7 جڑواں دکانوں کا نکاسی آب نظام بند ہونے سے دیگر نالیوں کا پانی فیصل کلاتھ، خان الیکٹرک، نصیب الیکٹرک، آصف کراکری، عطا محمد کریانہ، گل سویٹس، افضل سبزی فروٹ کی دکانوں میں جانے کے باعث دکانیں کیچڑ اور پانی سے بھر گئیں۔ جب دکاندار وہاں پہنچے تو سارا کچھ پانی کی نذر ہو چکا تھا۔

پانی اور کیچڑ میں دکانوں کے اندر موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان تباہ ہو گیا۔ اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر بابر خان تنولی، صدر ایوان تجارت سربلند خان و دیگر کابینہ اراکین حافظ سجاد احمد، محمد انور، غنی گل نے فائر بریگیڈ عملہ کے ہمراہ امدادی کارروائیوں میں حصہ لیکر دکانوں سے متاثر ہونے والا سامان باہر نکالا۔

متعلقہ عنوان :

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں