آئندہ چند دنوں میں کسان سہولت سنٹرز قائم کردئیے جائیں گے، سیکرٹری زراعت

ہفتہ 25 مئی 2024 17:24

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2024ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت کپاس کی فصل بارے ڈویژنل جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ملتان اور ڈی جی خان ڈویژنز میں کپاس کی کاشت کے سلسلہ میں جاری فیلڈ سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ ڈویژنل ڈائریکٹر اپنے اور سٹاف کے فیلڈ کے دوروں میں مزید اضافہ کریں اور کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کے سلسلہ میں جاری فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں۔

اس مہم میں غفلت اور کوتاہی برتنے والے افسران و عمل کیخلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ چند دنوں میں کسان سہولت سنٹرز قائم کردئیے جائیں گے جن کیلئے مناسب جگہوں کا انتخاب کیا جائے۔

(جاری ہے)

سہولت سنٹرز پر کاشتکاروں کو معیاری زہروں سمیت سپرے مشینری کی مقررکردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کی فصل کے اعدادوشمار درست رپورٹ کئے جائیں۔

کپاس کی کاشت کا ہدف حاصل نہ کرنے والے افسران کا احتساب کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے جاری سرگرمیاں صبح سے شام تک موبائل ایپلیکیشن کے استعمال سے پیش کی جائیں۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کپاس ایک چیلنجنگ فصل ہے۔گزشتہ سال محکمہ زراعت،ضلعی انتظامیہ اور محکمہ انہار کی کارکردگی اور مضبوط روابط سے کپاس کی کاشت وپیداوار کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے جس کو اعلیٰ سطح پر سراہا گیا اور ملکی معیشت پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت زیادہ محنت اور جذبے سے فیلڈ سرگرمیاں سرانجام دی جائیں۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے متعلقہ فارمیشنز کو ہدایت کی کہ جعلی کھادوں وزہروں کے دھندے میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے مانیٹرنگ کے عمل کو سخت کیا جائے اوران کیخلاف سخت قانونی ایکشن لیاجائے۔

اس موقع پر کمشنر ملتان مریم خان نے کہا کپاس کی کاشت اور پیداور کے ہدف کے حصول کیلئے محکمہ زراعت کو بھرپور تعاون اور سپورٹ فراہم کی جارہی ہے۔اس مہم کی کامیابی کیلئے قومی فریضہ سمجھ کر عملی کردارادا کیا جارہاہے۔امسال ملتان ڈویژن میں 9لاکھ45ہزار ایکر رقبہ پر کپا س کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے حصول کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کو بھرپور سپورٹ فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے ڈویژنل کمیٹی کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جارہے ہیں۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان نے شرکت کی جبکہ کمشنر ڈی جی خان سمیت ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں