سوشل میڈیا پر منافرت پھیلانے کے الزام میں 4 افراد گرفتار

گرفتار ہونے والے افراد میں حنظلہ ولد عبدالقہار، عبدالقہار ولد محمد شفیق، وقاص ولد عبدالغفار اور عبدالرؤف یزدانی شامل

جمعرات 14 فروری 2019 19:15

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) ملتان کی پولیس نے سیتل ماڑی کے علاقے سے حکومت کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔پولیس کی مدعیت میں درج اس مقدمے میں امام مسجد، متولی سمیت 6 افراد اور دیگر 45 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا۔گرفتار ہونے والے افراد میں حنظلہ ولد عبدالقہار، عبدالقہار ولد محمد شفیق، وقاص ولد عبدالغفار اور عبدالرؤف یزدانی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ملزمان کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق عبدالرؤف یزدانی تعصب اور فرقہ واریت پر مبنی تقاریر کر کے لوگوں کو مشتعل کررہا تھا جبکہ دیگر ملزمان بھی اس کی معاونت کررہے تھے اس کے علاوہ حکمرانِ وقت کے خلاف بھی نازیبا زبان کا استعمال کی گئی اور حکومت کے خلاف نعرے لگوائے گئے۔بعدازاں ملزمان نے مذکورہ تقریر کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کی جس پر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا کے خلاف کریک ڈاؤن کے اعلان کے بعد یہ پہلی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں