جاپان کوآپریشن انٹرنیشنل ایجنسی (جائیکا) کے اعلیٰ سطحی وفدکاایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کادورہ

جمعہ 26 اپریل 2024 20:42

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) جاپان کوآپریشن انٹرنیشنل ایجنسی (جائیکا) کے اعلیٰ سطحی وفد نے چیف ایڈوائزر چی ہو اوہاشی کی سربراہی میں ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا دورہ کیا اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر سے ملاقات کی۔اس موقع پر آوٹ آف سکول بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی سمیت صبح نو اور ٹرانس جینڈرسکولوں میں جدید متبادل تعلیمی ماڈلز کی پالیسی اور نصاب کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب سے ملاقات کے موقع پر جائیکا کی چیف ایڈوائزر نے ہوٹلوں، دکانوں، کھیتوں اور ورکشاپوں میں کام کرنے والے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے صبح نو سکول کے منصوبے کی تعریف کی اور صبح نو سکول پراجیکٹ کے تصورات اور اس پراجیکٹ کو کامیابی سے چلانے پر محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں سکول سے باہر رہ جانے والے اور معاشرے کے سب سے زیادہ کمزور بچوں اور نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مواقع مہیا کرنے، جدید متبادل تعلیمی ماڈلز کی پالیسی اور اس کو اپنانے کا نظام وضع کرنے کے لیے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے تعاون پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ چی ہو اوہاشی نے کہا کہ جاپان کوآپریشن انٹرنیشنل ایجنسی محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے تعلیمی منصوبوں کے تسلسل میں بہتری لانے، اساتذہ کو جدید تکنیکی مہارتوں سے روشناس کرانے اور آؤٹ آف اسکول بچوں کو سکولوں میں لانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

اس موقع پر جائیکا کے حکام، ایڈیشنل سیکرٹری خواجہ مظہر الحق اور سیکشن آفیسر/ فوکل پرسن ٹرانس ایجوکیشن حنا چوہدری بھی ملاقات میں شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں