ملتان:گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ٹھنڈے مشروبات و مصنوعات کا استعمال بڑھ گیا

ہفتہ 18 مئی 2024 21:13

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2024ء) ملتان شہر اوراس کےگردونواح میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ٹھنڈے مشروبات ومصنوعات کا استعمال بڑھ گیا۔ گزشتہ چند دنوں میں ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان اور اسکے گردنواح میں پڑنے والی شدید گرمی نے لوگوں کو گھروں میں محدود کر دیا ہے۔آگ برساتے سورج سے جہاں مجموعی طور پر درجہ حرار ت بڑھا ہے وہیں انسانی جسم کے ٹمپریچر میں بھی اضافہ ہو گیا ہے،شدید گرمی اور حبس میں جسم کی حدت کو نارمل اور لیول پر رکھنے کے لئے چھوٹے بچوں سے لیکر جوان ،بوڑھے اور خواتین سبھی نے ٹھنڈے اور دیسی مشروبات و مصنوعات کا استعمال بڑھا دیا ہے تاکہ جسم کے اندر پانی کی کمی کے ساتھ اندرونی حرارت کو بھی برقرار رکھا جاسکے۔

شہر اولیاء اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں ہر طرف مشروبات کی دکانیں ،ریڑھیاں اور ٹھیلے نظر آنے لگے ہیں جہاں لوگ دھڑا دھڑ اپنی پیاس بجھانے اور گرمی کی شدت کو کم کرنے کیلئے ان مشروبات و مصنوعات کا استعمال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت فی زمانہ جو شربت لوگ زیادہ استعمال کررہے ہیں ان میں دیسی اجزا ء سے تیار کر دہ شربت صندل ،ٹھنڈے اثرات کا حامل شربت بزوری،جسم کو طاقت پہنچانے کے لئے شربت بادام ،جگر اور معدہ کے لئے انتہائی مفید آلو بخارے کا شربت، بھنے ہوئے گندم و جو کے آٹے اور شکر کے آمیزہ کو مکس کرکے تیار کردہ ستو، بادام ،چہار مغز،خشخاش اور دودھ سے تیار کردہ سپیشل ٹھنڈی سردائی،جسم میں نمکیات اور وٹامن سی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے لیموں کے رس اور نمک سے تیار کردہ لیموں پانی ،اس کے علاوہ کیلے اور سٹرابری کا ملک شیک گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لئے بہترین مشروب اور ہر فرد کی ضرورت بن گئے ہیں۔

ٹھنڈے اثرات کے حامل گوند کتیرا، تخم ملنگا، چھلکا،الائچی ،بادام اور دیسی مشروبات کے اہم اجزاؤ ں میں شامل برف کو باریک پیس کر بنائے گئے گولوں،مختلف رنگوں اور ذائقوں پر مشتمل قلفیاں بچوں کے ساتھ ہر عمر کے افراد استعمال کرنے میں پیش پیش ہیں۔ اس وقت دیسی مشروبات میں جو اجزا زیادہ استعمال کئے جارہے ہیں وہ بلا شبہ انسانی جسم کی حدت کو کم کرنے کے لئے لا جواب ہیں جن میں گوند کتیرا، تخم ملنگا چھلکا،الائچی اوربادام شامل ہیں جن کو اکٹھے مکس کرکے پینے کے بعد ایک فرحت اور سکون کا احساس ہو تا ہے۔

گرمی کے آغاز سے اختتام تک جو چیز کم از کم بچوں کی پسند ہے وہ برف کے گولے اور قلفیاں ہیں،مختلف رنگوں اور ذائقوں پر مشتمل برف کے گولے یا قلفیاں بچوں کے ساتھ ہر عمر کے افراد بھی استعمال کرنے میں پیش پیش ہیں۔آئس کریم ،قلفی وربڑی فالودہ،فالسوں و تربوز کا جوس،کیلے، سٹرابری،سیب،آڑو کا ملک شیک بھی گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لئے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں