ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نے عید الاضحی کے موقع پر ضلع بھر میں فول پروف سیکورٹی صفائی ستھرائی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا کی یقین دہانی کرادی

منگل 29 اگست 2017 23:03

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اگست2017ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد اللہ دتہ وڑائچ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد ڈاکٹر غیاث گل نے عید الاضحی کے موقع پر ضلع بھر میں فول پروف سیکورٹی اور صفائی ستھرائی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے ضلعی امن کمیٹی کے معزز اراکین پر بھی زور دیا کہ وہ باہمی جذبہ ایثار ،فلسفہ قربانی کی اہمیت اور گلی محلوں میں صفائی برقرار رکھنے کے سلسلہ میں انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کے حوالہ سے اپنے خطبات میں عوام الناس کو ضرور شعور و آگہی فراہم کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عید گاہوں ،بڑی مساجد اور تفریحی مقامات کی سیکورٹی کے ساتھ جامع پلان کے تحت قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کی ٹھوس حکمت عملی وضع کی گئی ہے جس پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میونسپل کمیٹی کے چیئرمینوں اور عملہ صفائی پر بھی حکومت پنجاب کی صفائی کے حوالہ سے ترجیحات واضح کر دی گئی ہیں اور شہریوں کے تعاون سے امسال بھی آلائشوں کو فوری طور پر اٹھانے کے تمام اقدامات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ایم پی اے ملک فیاض احمد اعوان،اے سی کوآرڈ اعجاز بھٹی ،چیئرمین پریس کلب شفقت حسین تارڑ ،جنرل سیکرٹری ملک ہمایوں شہزاد ،چیئرمین انجمن اصلاح معاشرہ چودھری امتیاز احمد تاج ،صدر انجمن تاجران شیخ امجد اور مختلف مکاتیب فکر کے جید علماء اکرام ،وکلاء نمائیندوں اور کمیٹی کے دیگر اراکین نے اجلاس میں شرکت کی ۔

ڈی سی اور ڈی پی او نے کہا کہ عید کے موقع پر امن و امان کا قیام اور صفائی حکومت کی دو اہم ترین ترجیحات ہونگی اور انشاء اللہ کمیٹی کے اراکین کی مشاورت اور تعاون سے گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی ان دونوں ترجیحات پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے اراکین انتظامیہ کے معاون اور مدد گار ہیں اور ان کا مثالی تعاون ہمیشہ قابل ستائش رہا ہے جس کو انتظامیہ بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔اجلاس میں صفائی کے انتظامات اور عید گاہوں ،مساجد کی سیکورٹی کے حوالہ سے تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے صفائی اور قیام امن کا ہر کوئی اپنا کردار بھی ضرور ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں