یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں تین روزہ نینومیٹریلز کانفرنس کا آغاز

پیر 2 اکتوبر 2023 14:24

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2023ء) یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے سینٹر فار نینوسائنس کی جانب سے منعقد کردہ "ایڈوانسڈ نینومیٹریلز" کے موضوع پہ تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ایک شاندار افتتاحی تقریب سے ہوا۔ اس کانفرنس میں ملکی و بین الاقوامی سائنسدانوں اور محققین سمیت مختلف جامعات کے اساتذہ اور طلباء کی ایک بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔

یہ محققین نینوسائنس میں تحقیق کے جدید رجحانات پہ اپنے مقالہ جات پیش کریں گے۔ افتتاحی تقریب کے آغاز میں سنٹر فار نینو سائنس کی ڈائریکٹر اور کانفرنس چیئر، ڈاکٹر شہلا ہنی، نے کانفرنس کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد دنیا بھر سے محققین کو ایک پلیٹ فارم پہ اکٹھا کر کہ نینو سائنس کی تحقیق کے مستقبل اور اس تحقیق سے بنی نوع انسان کو پہنچنے والے ممکنہ فوائد پہ بات کرنا ہے۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے پیڑن ان چیف اور اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے شرکاء سے بات کرتے ہوئے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی میں سائنسی سرگرمیوں کے فروغ کےلیے ہر قسم کے وسائل کی فراہمی اور مکمل انتظامی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب کے مہمان خصوصی محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، تھے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں بنی نوع انسان کی فلاح کےلیےمختلف شعبہ جات جیسا کہ فزکس، انجینئرنگ اور نینو سائنس میں مشترکہ تحقیق کی اہمیت اجاگر کی۔ تقریب کے دیگر مقررین میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے پروفیسر سعید احمد بزدار اور بہاولدین زکریایونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد شامل تھے۔ انہوں نے بالترتیب مختلف سائنسی شعبہ جات میں تحقیق کے اشتراک اور فزکس اور اس کے استمعلات پہ بات کی۔

اس تقریب میں پروفیسر واجد اور پروفیسر کامران نے مفاہمت کی ایک یاداشت پہ بھی دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں جامعات تحقیق کے فروغ کےلیے مل کر کام کریں گی۔ اس موقع پہ بات کرتے ہوئے پروفیسر کامران نے بتایا کہ نواز شریف یونیورسٹی بائیو میڈیکل انجینئرنگ کے شعبہ میں اوکاڑہ یونیوسٹی کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی، جبکہ پروفیسر واجد کا کہنا تھا کہ دونوں جامعات ایک دوسرے کے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تحقیق کے جدید رجحانات پہ کام کریں گی۔ \378

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں