یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں انسانی سمگلنگ کے سدباب کے حوالے سے آگاہی سیمینار کاانعقاد

پیر 6 نومبر 2023 17:45

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2023ء) یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں انسانی سوداگری اور سمگلنگ کے سدباب کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اس سیمینار کا اہتمام شعبہ لنگوسٹکس اور سنٹر فار انگلش لینگویج اینڈ لرننگ کے سربراہ ڈاکٹر الیاس محمود نے کیا۔ اس موقع پہ ایس ایس ڈی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے اندرون اور بیرون ملک ہونے والی انسانی سوداگری کے مختلف پہلوئوں کی وضاحت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ عورتیں اور بچے سوداگری کے لیے آسان شکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتا یا کہ اس گھنائونے دھندے میں ملوث افراد عمومی طور پر نوجوانوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر پھانستے ہیں، لوگ آسانی سے اس جھانسے میں پھنس جاتے ہیں اور پھر اپنا پیسہ، عزت اور حتی کہ جان بھی گنوا بیٹھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے انسانی سوداگری کو روکنے کےلیے بنائے جانے والے قوانین پہ بھی سیر حاصل بحث کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر فرحان نویدیوسف نے کہا کہ آج کل بہت سارے پاکستانی نوجوان بیرون ملک جانے کے خواہشمند ہیں، ایسے نوجوان جعلی ٹریول ایجنٹس کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں جو کہ ان سے فراڈ کر کے ان کے جان و مال کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہیں۔ انہوں نے انسانی سوداگری کے خاتمے کےلیے آگہی اور انسانی رویوں کی تبدیلی کی اہمیت پر زور دیا۔

ڈاکٹر الیاس نے سیمینار کے اختتامی کلمات میں انسانی سوداگری جیسے اہم موضوع کو زیر بحث لانے پر مقررین کاشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس گھنائونے جرم کا شکار ہونے والے کچھ افراد کی کہانیاں بھی بیان کیں۔ انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم کی نوعیت بھی بدل چکی ہے۔ دو سو سے زائد طلباءنے سیمینار میں شرکت کی۔ ایس ایس ڈی او نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انسانی سوداگری کے مکمل خاتمے کےلیے اس طرح کے آگہی سیشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں