اوکاڑہ یونیورسٹی میں امتیازی گریڈز کے حامل 1103 طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم

جمعہ 12 جنوری 2024 17:41

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2024ء) اوکاڑہ یونیورسٹی کی لیپ ٹاپ ڈسٹری بیوشن کمیٹی نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیم کے تعاون سے امتیازی گریڈز کے حامل 1103 طلباء میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم 2023 کے تحت ملنے والے لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ لیپ ٹاپس کی تقسیم تین روز یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں جاری رہی جس کی نگرانی کمیٹی کی کنوینر ڈاکٹر نسرین اختر نے کی۔

ڈاکٹر غلام علی اس کمیٹی کے سپر فوکل پرسن تھے جبکہ ڈاکٹر امجد علی اور ڈاکٹر رانا جاوید رشید نے تقریب کے دیگر انتظامات میں کلیدی کردار ادا کیا۔ یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے اس سہ روزہ تقریب کے کامیاب انعقاد اور میرٹ و شفافیت کو یقینی بنانے پر ڈسٹری بیوشن کمیٹی اور ایچ ای سی کے نمائندگان کی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طلباء سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر نسرین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی اس سکیم کا مقصد طلباء کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہے تاکہ وہ اس کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف تعلیم و تحقیق میں جدت لا سکیں بلکہ فری لانسنگ کے ذریعے اپنا روزگار بھی کما سکیں۔پروفیسر واجد کا کہنا تھا کہ یہ سکیم پاکستان میں اسمارٹ ایجوکیشن اور جدید تحقیق کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں