اوکاڑہ یونیورسٹی کی ایمپلائز ایسوسی ایشن کا اعلی حکام سے ریلوے پھاٹک تعمیر کرنے کا مطالبہ

بدھ 17 جنوری 2024 21:15

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2024ء) اوکاڑہ یونیورسٹی کی ایمپلائز ایسوسی ایشن کا اعلی حکام سے ریلوے پھاٹک تعمیر کرنے کا مطالبہ اوکاڑہ یونیورسٹی کے ایک سیکیورٹی گارڈ کی ٹرین حادثے میں ناگہانی موت کے بعد ایمپلائز ایسوسی ایشن کی جانب سے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا جا رہا ہے اور انہوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ یونیورسٹی کے جی ٹی روڈ پہ واقع گیٹ پہ فوری ریلوے پھاٹک تعمیر کیا جائے۔

باون سالہ سیکیورٹی گارڈ محمد ذاکر گھر سے ڈیوٹی پہ آتے ہوئے یونیورسٹی گیٹ کے سامنے تیر رفتار جعفر ایکسپریس کی ٹکر سے جان کی بازی ہار گیا۔ اس حادثے کیبعد ایمپلائز ایسوسی ایشن کے چئیرمین ڈاکٹر راشد مقبول، صدر صادق امین اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر رانا جاوید رشید سمیت دیگر عہدیداران اکٹھے ہوئے اور انہوں نے ایک مشترکہ اعلامیے کے ذریعے حکومت سے اپیل کی ہے کہ یونیورسٹی گیٹ کے سامنے ریلوے پھاٹک کی فی الفور تعمیر کی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن کے ممبران سے بات کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ یونیورسٹی کے چار سو سے زائد اسٹاف اور بیس ہزار طلباء کی زندگیاں مسلسل خطرے سے دوچار ہیں کیونکہ ان کو روزانہ کی بنیاد پہ ریلوئے لائن کراس کر کے یونیورسٹی آنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ارباب اختیار سے پرزور اپیل کی کہ ریلوے پھاٹک کی جلد از جلد منظوری دی جائے اور اس کی تعمیر پہ کام شروع کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں