ظالم بیٹے نے بہیمانہ تشدد کرکے والدہ کو معذور کر دیا

بدبخت بیٹے نے تشدد کرکے والدہ کے دونوں بازو اور ٹانگ توڑ دی، چھری کے وار کرکے زخمی بھی کیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 5 دسمبر 2023 14:40

ظالم بیٹے نے  بہیمانہ تشدد کرکے والدہ کو معذور کر دیا
اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 دسمبر2023ء) بدبخت بیٹے سے گھریلو جھگڑے پر ماں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا۔اے آر وائی کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اوکاڑہ کے نواحی علاقے دایا رام میں پیش آیا جہاں پر بدبخت بیٹے نے ماں کے دونوں بازو اور ٹانگ توڑ ڈالی۔ملزم نے چھری کے وار کرکے والدہ کو زخمی بھی کر دیا۔بیٹے نے تشدد کرتے ہوئے ماں کے دونوں بازو توڑے۔

خاتون کے بازو اور ٹانگ پر گہرے زخم آئے جس کے بعد تشویشناک حالت میں خاتون کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔بدبخت بیٹا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ڈی پی او اوکاڑہ نے مفرور ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے۔پولیس ملزم احمد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔والدہ پر بیہمانہ تشدد ہونے کے بعد بیٹی نے کہا کہ ظالم بھائی نے ماں کو معذور کر دیا، اسے سزا ضرور ملنی چاہئیے۔

(جاری ہے)

مظفرگڑھ میں پیش آئے اسی طرح کے افسوسناک واقعے میں بدبخت بیٹے نے اپنے بیٹے اور ساتھیوں سمیت حملہ کر کے 80 سالہ باپ کوشدید زخمی کر دیا۔ علی پور کے اسٹیڈیم کے نزدیک رہائشی 80 سالہ حاجی احمد ولد واحد بخش کے پولیس کو دیئے گئے بیان کے مطابق اس کی عمر 80 سال ہے اور وہ علی پور شہر میں اسٹیڈیم کے نزدیک برف بیچ کر اپنا اور اپنی بیوی کا پیٹ پالتا ہے،وہ ساڑھے نو بجے شب اپنی برف کی دوکان پر بیٹھا تھا کہ اس کا ناخلف بیٹا محمد اکرم اپنے 2 بیٹوں(میرے پوتوں) محمد عمران اور محمد عامر اور اپنے 2 ساتھیوں امتیاز، فیاض پسران غلام فرید کے ہمراہ اس کی دوکان پر آیا اور آتے ہی گالم گلوچ کے بعد اپنے بیٹوں اور ساتھیوں سمیت اس پر حملہ آور ہو گیا۔

انہوں نے لاتوں،مکوں،اینٹوں،ڈنڈوں اور سوٹوں سے اس کے چہرے،ہاتھوں،سینے،بازووں اور پیٹھ پر وار کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔اس کا ایک اور بیٹا محمد طارق اور نواسا محمد قاسم انہیں روکنے اور اسے چھڑانے کےلئے آگے بڑھے تو انہوں نے ان پر تشدد کر کے انہیں بھی زخمی کر دیا۔متاثرہ حاجی احمد نے بتایا کہ وجہ عناد یہ ہے کہ اس کے بیٹے اور اس کے درمیان جائیداد کے تنازعہ پر مقدمہ بازی چل رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

اوکاڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں