کے ایم یو کے وائس چانسلرکی نئے ڈینز کو تقرری پر مبارک باد

جمعرات 16 ستمبر 2021 16:41

کے ایم یو کے وائس چانسلرکی نئے ڈینز کو  تقرری پر مبارک باد
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2021ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے نئے ڈینز کو انکی تقرری پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی اپنی فیکلٹیز کی ترقی کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کی اجتماعی ترقی میں فعال کردار ادا کریں گے۔ انھوں نے ان خیالات کااظہار یونیورسٹی کے نو منتخب شدہ ڈینز فیکلٹی آف بیسک میڈیکل سائنسز، کلینکل سائنسز،ہیلتھ پروفیشن ایجوکیشن، الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور مختلف ذیلی اداروں کے سربراہان کے مشترکہ تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔

اس موقع پر رجسٹرار پروفیسرڈاکٹر محمد سلیم گنڈاپور، ڈین فیکلٹی آف بیسک میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جواد احمد، ڈین فیکلٹی آف ہیلتھ پروفیشن ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹرعمر حیات اور ڈین الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر حیدر دارین، مختلف اداروں کے سربراہان ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر زوہیب خان، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی امجد حسین، ایڈیشنل رجسٹرار ناصر سلیم عرب اور ڈائریکٹر کیو ای سی سیدہ آسیہ بخاری نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے کہا کہ جامعات میں ڈینزکا عہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور انکے کندھوں پر اکیڈیمک کے ساتھ ساتھ انتظامی ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم کے ایم یو میں عدم مرکزیت کی پالیسی پر کارفرما ہیں جسکے تحت ہم وائس چانسلر کے روزمرہ کے امور ڈینز کے سپرد کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بہترین تعلیمی اور تحقیقی نتائج کا حصول تب ہی ممکن ہے جب ڈینز اپنے اپنے فیکلٹیز میں متعلقہ اداروں کے سربراہان اور فیکلٹی کے ساتھ مشاورت سے قائدانہ کردار ادا کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں روایتی انداز کے بجائے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوکر مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے اور اس ضمن میں ڈینز پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے کہا کہ یونیورسٹی کی شاخوں میں ہونے والے اضافے کے پیش نظر ہمیں اپنی اکیڈیمک اور ریسرچ کی رفتار کو مذید تیز کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا یونیورسٹی کی مالی حالت کی بہتری اور مالی و انتظامی ڈسپلن کے ساتھ ساتھ ڈینز کو یونیورسٹی کی مالی ضروریات اورطے شدہ اہداف کو پورا کرنے کے لئے آئوٹ آف دی باکس نئی تجاویز کے ساتھ ساتھ آگے آنا ہوگا۔

دریں اثنا اجلاس میں ڈینز کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرنے کے علاوہ ڈینز کے دفاتر، دفتری عملے اور لاجسٹک سپورٹ کی فراہمی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں ڈینز کی کارکردگی بہتر بنانے اور ان کے قائدانہ کردار کو موثر بنانے کی غرض سے پروفیسر ڈاکٹر جواد احمد ڈین فیکلٹی آف بیسک میڈیکل سائنسز کی سربراہی میں ا یڈیشنل رجسٹرار ناصر سلیم عرب اور کیو ای سی کی ڈائریکٹر آسیہ بخاری پر مشتمل ایک تین رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں