ضلعی انتظامیہ پشاور کا پولیتھین پلاسٹک شاپنگ بیگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری،300 کلو گرام پلاسٹک بیگ ضبط

اتوار 20 اکتوبر 2019 20:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2019ء) ضلعی انتظامیہ کا پشاور بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس سلسلے میں صدر کے بازاروں میں کاروائی کرتے ہوئے تین سو کلو گرام پلاسٹک بیگ کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (کینٹ) گلشن آرا نے محکمہ ماحولیات کے افسران کے ہمراہ صدر کے مختلف بازاروں میں میگا مالز، بڑے سٹوروں، دکانوں و دیگر کا معائنہ کیا۔

معائنے کے دوران ایک گودام سے تین سو کلو پلاسٹک پولی تھین بیگز کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔ جبکہ میکا مالز اور بڑے سٹوروں سے پلاسٹک بیگز کو اکٹھا کر کے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوایا گیا ہے۔ لیبارٹری رپورٹ آنے پر مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پولیتھین پلاسٹک شاپنگ بیگ پر صوبائی حکومت نے پابند ی عائد کی ہوئی ہے اور ضلعی انتظامیہ پشاور ان احکامات کی روشنی میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کے خلاف کاروائیوں میں مصروف ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے تاجر برادری کو خبر دار کیا ہے کہ وہ پولیتھین پلاسٹک شاپنگ بیگ کے متبادل قابل تحلیل شاپنگ بیگ استعمال کریں بصورت دیگر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں موقع پر موجود پلاسٹک شاپنگ بیگ کو قبضے میں لیتے ہوئے مالکان کو جیل بھی بھجوایا جائے گا اور اس ضمن میں تمام ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کے مطابق پلاسٹک پولیتھین بیگز کے خاتمے تک کاروائیاں جاری رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں