علی امین گنڈا پورکی وارننگ کام کر گئی،پیسکو چیف کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت

پیسکو چیف انجینئر کی صدارت میں لوڈشیڈنگ بارے اہم اجلاس، پیسکو کے 500سے زائد فیڈرز پر لاسز نہ ہونے کی وجہ سے کوئی لوڈمینجمنٹ نہیں کی جاتی،اختر حمید خان

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 16 مئی 2024 13:01

علی امین گنڈا پورکی وارننگ کام کر گئی،پیسکو چیف کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 مئی 2024) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کی وارننگ کام کر گئی،پیسکو چیف کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کر دی،پیسکو چیف انجینئر اختر حمید خان کی صدارت میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ خیبر پختونخوا میں لوڈمینجمنٹ کے حوالے سے مختلف اہداف کا جائزہ لیا گیا۔پیسکو چیف کا کہنا تھا کہ پیسکو کے 500سے زائد فیڈرز پر لاسز نہ ہونے کی وجہ سے کوئی لوڈمینجمنٹ نہیں کی جاتی۔

پیسکو ٹیموں کی جانب سے لاسز کم کرنے کیلئے صوبہ بھر میں آپریشن جاری ہے اور اس آپریشن کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ لاسز میں کمی لائی جاسکے۔لوڈمینجمنٹ محض ان علاقہ جات میں کی جاتی ہے جہاں لاسز زیاد ہ ہوتے ہیں اور جن علاقوں میں لاسز نہیں ہیں، وہاں کوئی لوڈمنیجمینٹ نہیں کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ہ علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز صوبے میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کم کرنے کیلئے وفاقی حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے لوڈشیڈنگ ختم نہ ہونے کی صورت میں گرڈ اسٹیشن کا کنٹرول خود سنبھالنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے اپناویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں علی امین گنڈا پور نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کرنے کے حوالے سے وفاقی حکومت کو رات تک شیڈول جاری کرنے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا تھاکہ میں وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر توانائی کو واضح پیغام دے رہا ہوں کہ انہوں نے ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

وفاقی حکومت ہماری بات نہیں سمجھتی۔ کئی بار کہنے کے باوجود وفاقی وزیر بجلی و توانائی اور وفاقی حکومت بیٹھنے کیلئے تیار نہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت اگر ہماری شرافت کو کمزوری سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں تو سن لیں ہم کمزور نہیں ہے۔لی امین گنڈا پور نے مزید کہاتھا کہ چیف پیسکو سے بات کی ہے جہاں 12 ، 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہے اگر وہاں 5 اور 6 گھنٹے ریلیف نہیں ملا اور (بدھ) کی رات تک شیڈول جاری نہ ہوا اور لوڈشیڈنگ میں کمی نہیں آئی تو میں خود پیسکو آفس جاوں گا اور خود لوڈ شیڈنگ کمی کا شیڈول بناوں گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں