شیراز رونق کے منیجر سمیت مختلف علاقوں سے 19 گرانفروش گرفتار

ریسٹورانٹ مالکان مقررہ نرخوں پر شہریوں کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنائیں ‘ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر

ہفتہ 28 نومبر 2020 16:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) محکمہ خوراک نے منرل واٹر مہنگے داموں فروخت کرنے پر شیراز رونق کے منیجر سمیت 19 گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا ۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے شیراز رونق ریسٹورانٹ میں اشیائے خوردونوش کے ریٹ لسٹ کو چیک کیا جہاں پر منرل واٹر کا مقررہ نرخ سے زیادہ رقم کی وصولی کی جا رہی تھی جس پر منیجر کو گرفتار کرلیا ۔

بعد ازاں فقیر آباد اور حسن گڑھی کے مختلف علاقوں میں اشیائے خوردونوش کے معیار کو چیک کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے 18 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کئے ۔

(جاری ہے)

گرفتار افراد میں سبزی و پھل فروش ‘ دودھ و دہی فروش ‘ نانبائی ‘ قصائی ‘ بیکری اور جنرل سٹورز مالکان شامل ہیں ۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریسٹورانٹ مالکان مقررہ نرخوں پر شہریوں کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اشیائے خوردونوش سے وابستہ افراد اپنی دکانوں میں سرکاری نرخناموں کو نمایاں جگہوں میں آویزاں کریں جبکہ خلاف ورزی کرنیوالوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا ۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز اور فوڈ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ گرانفروشوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائیں ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں