آئی ٹی اہداف بروقت حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں،کامران بنکش

صوبے میں ڈیجیٹل گورننس کا فروغ حکومت کے اہداف میں شامل ہے، محکمہ اپنی ذمہ داریاں بھر پور طریقے سے ادا کرے ،معاون خصوصی وزیراعلیٰ کے پی کے

پیر 10 دسمبر 2018 22:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس وٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے میں سمارٹ سیٹیز کے قیام کیلئے آئی ٹی کے شعبے کے حوالے سے متعین کردہ اہداف کو بروقت حاصل کرنے کیلئے اپنی کوششیں تیز کریں تاکہ صوبائی حکومت کے ان منصوبوں کا قیام عملی طور پر جلد ازجلد ممکن ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ڈیجیٹل گورننس کا فروغ حکومت کے اہداف میں شامل ہے لہذا اس سلسلے میں محکمہ اپنی ذمہ داریاں بھر پور طریقے سے ادا کریں تاکہ عوام کو آسان اور تیز تر طریقے سے خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اپنے دفتر پشاور میں خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بورڈ کے منیجنگ ڈائر یکٹر ڈاکٹر شہباز نے معاون خصوصی کو بورڈ کے مالی و انتظامی امور، ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ کے لئے مجوزہ پلان کے بارے میں متعدد امور اور زیر غور تجاریز سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر بورڈ کے دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔معاون خصوصی کو بتایا گیاکہ مستقبل قریب میں ڈی سی ملاکنڈ کے دفتر میں عوامی شکایات کے لئے قائم ڈیجیٹل اطلاع سیل کا دورہ کیا جائے گا اور وہاں پر مذکورہ سیل کی کارکردگی اور افادیت سے سنیٹرز کو آگا ہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر بورڈ کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو بھی زیر بحث لایاگیاجبکہ معاون خصوصی نے کہا کہ صوبے میں سمارٹ سیٹیز کا قیام حکومت کا ہدف ہے اور اس ضمن میں کسی بھی تاخیر کے بغیر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں