گندم کی خریداری میں پہلی ترجیح مقامی زمیندار ہیں ، وزیر خوراک قلندر خان لودھی

جمعرات 18 اپریل 2019 20:20

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے محکمہ خوراک کے حکام کو ہدایت کی کہ سال 2019-20 کیلئے تین لاکھ ٹن گندم کی خریداری کے ہدف کو حالیہ مرتب شدہ رہنما اصولوں کے مطابق ہر صورت ممکن بنایا جائے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ گندم بلاواسطہ طور پر زمینداروں سے خریدی جائے اور خریداری کے دوران مڈل مین کے کلچر کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔

یہ ہدایات انہوں نے سال 2019-20کیلئے گندم کی خریداری کے حوالے سے محکمہ خوراک کے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ز کی پشاور فوڈ ڈائریکٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔اجلاس میں سیکرٹری خوراک محمد اکبرخان ڈائریکٹر خوراک سعادت حسن اور ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک شکیل خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ مقامی کسانوں سے معیاری گندم کے آخری دانہ خریدنے تک دوسرے صوبوں سے گندم نہ خریدی جائے ہماری پہلی ترجیح مقامی زمیندار ہیں کیونکہ مقامی کسانوں سے خریدی جانے والی گندم پر دیگر صوبوں سے کم لاگت آتی ہے۔

حاجی قلندر خان لودھی نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک میں ٹرانسفر اور پوسٹنگ زیر غور ہے جو کہ معمول کی بات ہے انہوں نے کہا کہ افسران کی ایک جگہ پر مدت تعیناتی اور کارکردگی کو تبادلے کے عمل میں ملحوظ نظر رکھا جائے گا سرکاری اداروں میں تبادلے اور تقرریاں کوئی انہونی بات نہیں اور سرکاری افسران ان احکامات کو بجاآور لانے کے پابند ہوتے ہیں اصل مقصد عوام کی خدمت ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک کی کارکردگی بہتر ہو رہی ہے اور اس کا سہرا صرف وزیرخوراک،سیکرٹری یا ڈائریکٹر خوراک کو نہیں جاتا بلکہ یہ ہم سب کی اجتماعی کارکردگی ہے وزیرخوراک نے ہدایت کی کہ گندم کی خریداری کے ہدف کو ہر حال میں حاصل کرنے سمیت ماہ رمضان میں خوردونوش کی دستیابی اور سرکاری نرخناموں کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔

سیکرٹری خوراک اکبر خان نے اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سامنے گندم کی خریداری اور ماہ رمضان بیک وقت دو بڑے چیلنجز ہیں انہوں نے کہا کہ امسال گندم کی خریداری کیلئے پالیسی گائیڈ لائنز وقت سے پہلے تیار کر لی گئی ہیں اور افسران ان رہنما اصولوں کے مطابق گندم کی خریداری ممکن بنائیں ڈائریکٹرفوڈ سعادت حسن نے کہا کہ گندم کی خریداری محکمہ خوراک کا سب سے اہم کام ہے اس لیے اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی اور سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈائریکٹر فوڈ نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماہ رمضان میں ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ مربوط روابط رکھیں تاکہ عوام کو ماہ مقدس میں سرکاری نرخ نامے کے مطابق اشیائے خورد و نوش کا مہیا جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں