معدنیات میں غیرقانونی کان کنی کے سدباب کے لئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں،امجدعلی

صوبہ بھر میں معدنیات کی غیرقانونی لیز ہولڈرز کے مرتکب افراد کے خلاف مہم بدستور جاری ہے،وزیرمعدنیات خیبرپختونخوا

اتوار 25 اگست 2019 18:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ معدنیات میں غیرقانونی کان کنی کے سدباب کے لئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں ۔ غیر قانونی کان کنی کی بیخ کنی کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کے تحت صوبہ بھر میں معدنیات کی غیرقانونی لیز ہولڈرز کے مرتکب افراد کے خلاف مہم بدستور جاری ہے ۔

اس مہم کے تحت خفیہ اطلاع پر گزشتہ روز وزیر معدنیات کی ہدایت پر ڈپٹی سیکرٹری ریاض محمد کی نگران میں پشاور کے نواحی علاقے ارمڑ پایاں میں غیر قانونی طور پر ریت نکالنے والوں پر چھاپہ مارا گیا جہاں ان کے خلاف کان کنی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو بھائیوں راحت اور واجد پسران میا ں خان سمیت چار ملزموں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ غیر قانونی کان کنی ناقابل برداشت ہے اور جو بھی غیر قانونی کان کنی میں ملوث پایا گیا ان کے خلاف کان کنی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کر رہے ہیں او رمحکمہ معدنیات میں ایسی اصلاحات متعارف کئے جا رہے ہیں جو خیبر پختونخوا میں محکمہ معدنیات اور باقی صوبوں کے لئے ایک مثال ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں