محکمہ پولیس میں تفتیش ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،شہزدہ کوکب فاروق

ہفتہ 22 فروری 2020 22:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2020ء) ایس ایس پی انوسٹی گیشن شہزدہ کوکب فاروق نے کہا کہمحکمہ پولیس میں تفتیش ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، تفتیش میں انصاف کا دارومدار تفتیشی آفیسر کے قلم پر ہوتا ہے،مقدمات کی تفتیش ایمانداری اور جان فشانی سے کریں، زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے،مقدمات میں انصاف پر مبنی تفتیش کر کے مظلوموں کو ان کا حق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چارج سنبھالتے ہی انوسٹیگیشن افسران کے ساتھ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں انوسٹی گیشن سرکل انسپکٹرز اور تمام تھانوں کے تفتیشی افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن نے گزشتہ ماہ ہونے والے جرائم کا جائزہ بھی لیا، میٹنگ کے دوران ایس ایس پی انوسٹی گیشن نے عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کیلئے انوسٹی گیشن سٹاف کو تمام سنگین مقدمات کی تفتیش کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے اور ان مقدمات میں مطلوب ملزمان کے ہسٹری شیٹ مرتب کر کے ملزمان کی گرفتاریاں جلد ازجلد ممکن بنانے کے ساتھ ساتھ دوران تفتیش سائلین کے ساتھ رابطہ میں رہتے ہوئے ان کو تفتیش میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی،میٹنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ہونے والی سنگین وارداتوں قتل، اغواء، ڈکیتی اور دیگر جرائم کے موقع واردات پر خود جا کر شواہد محفوظ کریں کیونکہ کسی بھی جرم کی کھوج کو منطقی انجام تک پہنچانے میں موقع پر موجود شواہد اہم کردار ادا کرتے ہیں تاہم دیکھنے میں آیا ہے کہ اکثر اوقات مدعیان یا دیگر اشخاص کی وجہ سے موقع واردات سے اہم شواہد ضائع ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے تفتیش پر بُرا اثر پڑتا ہے اور کیس کی کمزوری کا فائدہ ملزمان کو پہنچتا ہے۔

(جاری ہے)

لہذا موقع واردات پر موجود شواہد کو محفوظ بنائیں جو ملوث ملزمان کو عدالت سے قرار واقعی سزا دلوانے میں ممّدِ و معاون ثابت ہوں۔سی سی پی او محمد علی خان گنڈاپور نے بھی تفتیش کے معیار کو مزید بہتر کرتے ہوئے مطلوبہ اہداف کے حصول کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کرنے کی ہدایات دی ہیں۔واضح رہے کہ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے بھی گزشتہ دنوں خیبرپختونخواہ پولیس کے شعبہ تفتیش کو مزید مستحکم کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں