محکمہ خوراک نے سرکاری آٹے کا کوٹا 2500 میٹرک ٹن کردیا

آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کا پنجاب سے لانے والے آٹے کے تھیلے میں 15 روپے فی بوری کمی کا اعلان محکمہ خوراک سستے داموں آٹے کی فراہمی سمیت پورے صوبے میں دستیابی کو یقینی بنائیگا‘ خوشحال خان

جمعرات 6 اگست 2020 22:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2020ء) محکمہ خوراک نے عوام کو سستے داموں اور معیاری آٹے کی فراہمی کیلئے کوٹہ 2 ہزار سے بڑھا کر 2500 میٹرک ٹن کردیا جبکہ آٹا ڈیلروں نے بھی پندرہ روپے فی تھیلہ کمی کا اعلان کردیا۔ اس سلسلے میں آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے سیکرٹری خوراک فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) خوشحال خان ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر اور راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن نے محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کو درپیش مسائل بارے آگاہ کیا جس پر انہوں نے آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مسائل حل کرنے اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے دوران سیکرٹری خوراک خوشحال خان کی ہدایت پر آٹا ڈیلروں نے پنجاب سے آنے والے آٹے سپر فائن‘ سپیشل فائن اور دیگر میں فی تھیلے میں تیس روپے منافع کم کر کے پندرہ روپے کردیا اور کہا کہ عوام کو بلا کسی تعطل کے سرکاری کوٹے کے تحت آٹے کی فراہمی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ عوام اطمینان رکھیں کہ محکمہ خوراک سستے داموں آٹے کی فراہمی سمیت پورے صوبے میں دستیابی کو یقینی بنائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران روزانہ کی بنیاد پر پورے صوبے میں آٹا ڈیلروں اور فلور ملز کے دورے کر رہے ہیں تاکہ عوام کو سرکاری نرخوں کے مطابق آٹے کی فراہمی ممکن ہو اور عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے احکامات کے مطابق گرانفروشی یا ذخیرہ اندوزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں