موجودہ حکومت پشاور شہر کی خوبصورتی اور ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، اشتیاق ارمڑ

بدھ 25 نومبر 2020 20:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات اور جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پشاور شہر کی خوبصورتی اور ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور شہر میں جلد ہی 100کلومیٹر روڈز پر تعمیر اور مرمت کا کام شروع ہو گا جن میں چمکنی ترناب ارمڑ پایان، میاں گجر ، ہندکی دامان کے علاقے شامل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دلہ زاک روڈ کورنگ روڈ سے گرڈ سٹیشن تک دو رویہ کرنے کے تعمیراتی کام کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔مذکورہ روڈ پر پچاس کروڑ انیس لاکھ چوالیس ہزار روپے خرچ ہونگے جس کو جون 2022تک پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ اس سڑک کی تکمیل سے علاقے کے کئی دیہات کی آبادی کا رابطہ جی ٹی روڈ اور موٹروے سے منسلک ہو گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی ارباب عامر ایوب، ایکسئین روڈ ریاض خان، سابقہ تحصیل ممبر یوسی بڈھنی نویدالرحمن ، اخترعلی سمیت علاقہ عمائدین اور پارٹی ورکر بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت نے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے ہسپتالوں میں عوام کو مفت علاج و معالجے کی سہولیات کے علاوہ حکومت سڑکوں ،شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر اور مرمت پر بھی توجہ دی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی تیز تر ترقی میں مواصلات کا شعبہ اہم کردار ادا کرتا ہے۔شاہراہوں کی تعمیر سے لوگوں کو سفر کرنے میں آسانی پیدا ہوتی ہے۔

اور ملک کی معیشت بھی مستحکم ہوتی ہے۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کوتمام سفری سہولیات بہتر بنانے اور شہر کی خوبصورتی ، سڑکوں کے دونو ں اطراف گرین بیلٹس، سولر لائٹس اور پل کو کشادہ تعمیر کرنے کی ہدایت کی ۔ ممبر قومی اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ عوامی مفاد کی ترقیاتی سکیمیں بلا تاخیر مکمل کی جائیں گی۔اور عوامی مفاد کے اس اہم تعمیراتی منصوبے پر ہونے والے کام کی وہ خود نگرانی کریں گے۔ اور غیر معیاری ہونے کی صورت میں ذمہ دار لوگوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائیں گے۔قبل ازیں انہوں نے فیتہ کاٹ کر دلہ زاک روڈ کا افتتاح کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں