عوام کی صحت کیساتھ کسی کو کھیلنے نہیں دیں گے ،عاطف خان

عوام کو صاف اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے محکمہ خوراک کے افسران بازاروں کی چیکنگ باقاعدگی سے کریں

منگل 21 ستمبر 2021 22:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک اور سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی محمدعاطف خان نے کہا ہے کہ عوام کو صاف اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے محکمہ خوراک کے افسران بازاروں کی چیکنگ باقاعدگی سے کریں اور جو بھی سرکاری نرخناموں سے تجاوزیا زائدالمیعاد اشیائخوردونوش کی فروخت وغیرہ میں ملوث ہو، اسکے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لا ئی جائے ان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت کیساتھ کسی کو کھیلنے نہیں دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں''محکمہ خوراک کی صوبہ بھر میں کاروائیاں اور ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ'' پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے فیلڈ افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خوردنوش اشیاء سے منسلک افراد کو بیجا تنگ بھی نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

محکمہ خوراک کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مختلف نوعیت کے کیسوں میں تقریباً ساڑھے پانچ لاکھ روپے کے جرمانے لگائے گئے ہیں جبکہ2افراد کو سرکاری نرخناموں کی خلاف ورزی پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں 39 فلور ملز،202جنرل سٹورز،116ہوٹلزاور 1853 دکانوں کے معائنے کئے گئے، جن میں209 کو چالان کیا گیاہے۔ اسکے علاہ 109 نانبائی، 119قصاب خانوں، 103مرغی فروش، 48 کباب/تکہ فروش، 95سبزی فروش، دودھ فروش، 77 پھل فروش، 126 سویٹ اینڈ بیکرز شاپس، 26مچھلی فروش وغیرہ کی دکانوں کے بھی معائنے کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں