برفانی تودہ سے اموات ‘ آفتاب شیرپائو کا اظہار افسوس

متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں‘ چیئرمین کیو ڈبلیو پی

ہفتہ 22 جنوری 2022 22:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے ضلع شانگلہ میں برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے دو بچوں سمیت متعددافراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ اس اندوہناک گھڑی میں متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ہماری تمام تر ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ بارشوں اور برفانی تودے گرنے کی بدولت صوبہ کے مختلف اضلاع میں لاتعداد لوگ شدید متاثر ہوئے ہیں اور اس میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔انھوں نے جانی و مالی نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی فوری بحالی اور امداد کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں۔دریں اثناء آفتاب شیرپاؤ نے تحصیل تنگی کے علاقہ ڈھکی کے رہائشی عزیز الرحمان کی جمرودضلع خیبر میں اغواء کے بعد قتل کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔انھوں نے مرحوم عزیزالرحمان کے ورثا سے ملاقات کے دوران مرحوم کی مغفرت کیلئے دعابھی کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں