خیبر پختونخوا اسمبلی قائمہ کمیٹی ابتدائی و ثانوی تعلیم کے اجلاس کا انعقاد

صوبے کے تمام یونین کونسلز میں کم از کم ایک ایک زنانہ و مردانہ مڈل و ھائی سکولوں کا قیام سمیت تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔چئیرمین کمیٹی پختون یار خان

جمعرات 11 اگست 2022 22:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2022ء) خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے چیئرمین و ممبر صوبائی اسمبلی پختون یار خان نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اضلاع کی سطح پر خامیوں کو دور کرنے اور ہر یونین کونسل میں کم از کم ایک ایک زنانہ اور مردانہ مڈل و ہائی سکول کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔

یہ ھدایات انھوں نے گزشتہ روز اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں قائمہ کمیٹی برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔اس موقع پر پچھلے کمیٹی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر پیشرفت جبکہ گھوسٹ اور نان فنکشنل تعلیمی اداروں سمیت نئے سکولوںکی تعمیر کے لیے وضع کردہ طریقہ کار، بھرتیوں اور ٹرانسفر پوسٹنگ سے متعلق تفصیلی گفتگو بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

چیئرمین پختون یار خان نے اگلے کمیٹی اجلاس میں تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو بلانے جبکہ کمیٹی ممبران کا صوابی و سوات کیڈٹ کالجوں کے دورے کرنے کے لیے اسمبلی انتظامیہ کو انتظامات کرنے کے لیے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے اگلے کمیٹی اجلاس میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے زیر انتظام جاری ترقیاتی منصوبوں اور بالخصوص خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی ممبران کو بریف کرنے کے لیے احکامات جاری کیے۔

اجلاس میں ممبران کمیٹی و اراکین صوبائی اسمبلی نصیر اللہ خان، عباس الرحمان، میاں نثارگل، زینت بی بی، صلاح الدین، بہادر خان اور ایم پی اے شگفتہ ملک کے علاؤہ سیکرٹری و سپیشل سیکرٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم،ڈپٹی و اسسٹنٹ سیکرٹریز صوبائی اسمبلی، چیف پلاننگ آفیسر محکمہ تعلیم، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز لکی مروت و بنوں اور سیکشن آفیسر محکمہ قانون بھی شریک تھے۔ اس موقع پر مذکورہ کمیٹی کا اجلاس دو ہفتے بعد بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں