این اے 43،دوبارہ گنتی روکنے کے خلاف دائر حکم امتناعی میں توسیع

منگل 23 اپریل 2024 17:16

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) پشاور ہائی کورٹ نے این اے 43 ٹانک میں دوبارہ گنتی روکنے کے خلاف دائر حکم امتناعی میں توسیع کردی۔مقدمے کی سماعت جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس خورشید اقبال پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے کی۔ پشاور ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب بھی طلب کرلیا۔تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار و درخواستگزار داور خان کنڈی کے وکیل نے کہا کہ ایک بار گنتی ہوگئی ہے، دوسری بات گنتی نہیں ہوسکتی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ٹانک میں 40 پولنگ اسٹیشنز پر اسد محمود اور 8 پر داوڑ کنڈی کے کہنے پر گنتی ہوئی تھی، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اسد محمود 300 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی چاہتے ہیں۔وکیل نے کہا کہ اسد محمود کا مطالبہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔بعد ازاں عدالت نے دوبارہ گنتی روکنے کے خلاف دائر حکم امتناعی میں توسیع کردی۔واضح رہے کہ 8 فروری کو امن و امان کی مخدوش صورتحال کے باعث این اے 43 کے چھ پولنگ اسٹیشنز پر عام انتخابات کے دوران پولنگ نہیں ہو سکی تھی۔بعد ازاں 19 فروری کو ری پولنگ کے نتیجے میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار داور خان کنڈی 63 ہزار 556 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے تھے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں