تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں نوجوانوں کیلئے لازم و ملزوم ہیں،گورنرحاجی غلام علی

بدھ 24 اپریل 2024 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی نے کہاہے کہ تعلیمی اداروں کا مقصد طلبا کومحض درسی کتب پڑھانانہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انہیں معاشرے کا باکردار اور کارآ مد شہری بھی بنانا مقصود ہوتا ہے،کسی بھی تعلیمی ادارے میں فن فئیر، پٹ شو سمیت غیر نصابی سرگرمیاں طلبا وطالبات کیلئے مفید ثابت ہوتی ہیں جس سے طلبا مختلف مقابلوں میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکتے ہیں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کے روزخیبر گرلز میڈیکل کالج پشاورکے دورہ کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی بلوسم فیسٹا فن فئیر اور پٹ شو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیئرمین بورڈ آف گورنرغلام قادرخان،کالج کے ڈین زاہدامان،فیکلٹی اراکین، ججزکاکرداراداکرنے والے ڈاکٹرعبداللہ، ڈاکٹرمحمداحمد،پروفیسر ڈاکٹرامیرمحمد،پروفیسر ڈاکٹرخالد جاوید، ڈاکٹر توصیف امان،طالبات اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر نے پٹ شو میں اول، دوئم اور سوئم پوزیشن لینے والوں میں میڈلز، تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔گورنر نے فن فئیر میں طالبات کیجانب سے لگائے گئے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا، کھانے پینے سمیت دیگر اشیا پر مشتمل سٹالز لگانے پر طالبات کی حوصلہ افزائی کی اور کالج میں پٹ شو میں طالبات کیجانب سے لائے گئے مختلف قیمتی نسل کے انکے پالتو جانوروں کا معائنہ کیا۔

گورنر نے پٹ شو اور فن فئیر میں طالبات کی دلچسپی کو سراہا اور طالبات کو گورنر ہائوس کا دورہ کرنیکی بھی دعوت دی جس پرطالبات نے بے حدخوشی کااظہارکرتے ہوئے گورنرکاشکریہ اداکیا۔کالج کے ڈین ڈاکٹرزاہدامان نے کالج کادورہ کرنے اور طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے پر گورنرکاشکریہ اداکیا۔ گورنرنے کہاکہ پالتو جانوروں سے طالبات کی محبت دیکھ کر خوشی ہوئی،طالبات کا اس طرح کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینا خوش آئند ہے۔

تقریب کے اختتام پر چیئرمین بورڈ آف گورنرزغلام قادرخان نے گورنر کو اور گورنر نے چیئرمین بورڈ آف گورنرز اور ڈین خیبر گرلز میڈیکل کالج ڈاکٹر زاہد امان کو شیلڈ پیش کی۔گورنر نے اس موقع پر فن فئیر انتظامیہ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر توصیف امان سمیت دیگر فیکلٹی اراکین اور طالبات انتظامیہ میں تعارفی شیلڈز تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں