چارسدہ میں داخلہ مہم کاآغاز،45ہزاربچے داخل کرنیکاہدف مقرر

بدھ 24 اپریل 2024 22:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2024ء) پشاورکے بعد چارسدہ میں بھی محکمہ تعلیم اورپارٹیسیپٹری رورل ڈیویلپمنٹ سوسائٹی کیجانب سے داخلہ مہم کے سلسلے میں تقریب وآگاہی واک کا انعقاد کیا گیا،رواں سال چارسدہ میں 45ہزارسے زائد بچوں کو سکولوں میں داخل کرنیکاہدف مقرر کیاگیاہے۔اس ضمن میں ٹی ایم اے ہال چارسدہ میں میئرچارسدہ مفتی عبدالرئوف شاکر اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر چارسدہ عبدالمسقت نے طالبات کو سکول رجسٹر میں داخل کراکے داخلہ مہم کاافتتاح کیا۔

پی آرڈی ایس نے داخل شدہ بچوں و بچیوں میں بیگزبھی تقسیم کئے۔تقریب میں ڈی ای او چارسدہ ڈاکٹر عبدالمالک، ڈپٹی ڈی ای اوفی میل لیلیٰ علی، اسسٹنٹ ڈی ای او مس نازگل، عالمی رضاکارتنظیم ولینٹیری سروس اوورسیزاور ایم وائی آر پی پروگرام کے نمائندوں واساتذہ نے بھی کثیرتعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ تعلیم کو فروغ دیئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، خیبرپختونخوا میں لاکھوں بچے و بچیاں سکولوں سے باہر ہیں ،انہیں سکولوں میں داخل کرانے کیلئے والدین سمیت تمام اسٹیک ہولڈرزکو اپنا کردار ادا کرناہوگا۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ ایم وائی آر پروگرام کے تحت چارسدہ، نوشہرہ و پشاورمیں ناصرف داخلہ مہم کیلئے لاجسٹک و تکنیکی معاونت فراہم کی جارہی ہے بلکہ مختلف علاقوں میں رضاکاروں کی مدد سے سکول نہ جانے والے بچوں کی نشاندہی کرکے انہیں داخل کیاجارہا ہے جس سے داخلہ مہم کوکامیاب بنایاجاسکے گا۔ محکمہ تعلیم کیجانب سے ان بچوں کو مفت کتابیں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔چارسدہ میں رواں سال26ہزارمیل سٹوڈنٹس جبکہ تقریبا 20ہزار تک فی میل سٹوڈنٹس کو داخل کرانے کا ہدف ہے ۔ آخر میں مہمانوں و اساتذہ میں شیلڈزتقسیم کیے گئے جبکہ شرکاء نے پریس کلب چارسدہ تک واک بھی کی اور لوگوں میں داخلہ مہم سے متعلق آگاہی پیدا کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں