فوڈ سیکورٹی سپورٹ پراجیکٹ کے پی کے تحت ڈیجیٹل فارمرز رجسٹریشن کے متعلق تین روزہ تربیتی پروگرام کا اہتمام

جمعرات 25 اپریل 2024 20:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) محکمہ زراعت توسیع خیبر پختونخوا نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے اشتراک سے صوبے کے 8 اضلاع سے محکمہ زراعت توسیع، کراپ رپورٹنگ سروس اور ریوینیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے لئے فوڈ سیکورٹی سپورٹ پراجیکٹ کے پی کے تحت ڈیجیٹل فارمرز رجسٹریشن کے متعلق تین روزہ تربیتی پروگرام کا اہتمام کیاگیا۔

ٹریننگ کے دوران فیلڈ سٹاف کو زمینداروں کی آن لائن رجسٹریشن کے طریقہ کار کے حوالے سے تربیت دی گئی۔ ٹریننگ میں محمد بختیار خان سپیشل سیکرٹری زراعت خیبر پختونخوا نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ انہوں نے ٹریننگ اور زمینداروں کی رجسٹریشن کی اہمیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے فیلڈ سٹاف پر زور دیاکہ زمینداروں کی رجسٹریشن کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ ڈیپارٹمنٹ کے پاس زمینداروں کا یونیفائیڈ ڈیٹا جمع ہوسکے اور مستقبل قریب میں زمینداروں کی فلاح وبہبود کے لئے مرتب کئے جانے والے منصوبہ جات میں مدد مل سکے اور زمینداروں کی ترقی اور خوشحالی کی طرف عملی اقدامات اٹھائے جاسکیں۔

(جاری ہے)

آخر میں KPFSS پراجیکٹ کے صوبائی فوکل پرسن ڈاکٹر مراد علی خان نے مہمان خصوصی، ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور ٹریننگ شرکاء کا شکریہ ادا کیا جبکہ سپیشل سیکرٹری زراعت خیبر پختونخوا محمد بختیار خان نے ٹریننگ کے شرکاء میں شیلڈ اورسرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں