صوبائی حکومت خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گی، مشال یوسفزئی

منگل 7 مئی 2024 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی مشیر برائے سماجی بہبود و ترقی خواتین مشال اعظم یوسفزئی نے کہا ہے کہ خصوصی بچے معاشرے اور حکومت کی توجہ کے سب سے زیادہ مستحق ہیں، صوبائی حکومت خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔ وہ سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس مردان میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کر رہی تھیں۔

تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی طفیل انجم، سابق رکن صوبائی اسمبلی ساجدہ حنیف، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رفیق مہمند، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر جنید خالد نے شرکت کی۔ تقریب سے ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر جمال شاہ اور ادارے کے ڈپٹی ڈائریکٹر انیق احسن نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جسمانی معذوری کے شکار اور نابینا بچوں نے حمدونعت، ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کئے۔

(جاری ہے)

انیق احسن نے بتایا کہ ادارے میں مختلف قسم کی معذوریوں کے شکار 421 بچے زیر تعلیم ہیں، انہوں نے ادارے کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی۔ اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ کی مشیر مشال اعظم یوسفزئی نے خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو سراہا،انہوں نے ایسے بچوں کے والدین اور خاص طور پر ٹیچرز کو خراج تحسین پیش کیا جو ان بچوں کی تعلیم و تربیت کا مشکل فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت میرا مشن ہے اور سماجی بہبود کا محکمہ میں نے اپنی خوشی سے چنا ہے تاکہ لوگوں کی خدمت کر سکوں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے سے میٹرک کرنے والے 23 طلبا و طالبات کو حیات آباد میں خصوصی بچوں کے ادارے میں سال اول میں داخلہ اور ہاسٹل کی سہولت دیں گے جبکہ ایک سال کے اندر مردان میں انٹرمیڈیٹ تک تعلیم کی سہولت مہیا کر دی جائے گی،بہت سے اسپیشل بچے سکولوں سے باہر ہیں انکو سکولوں میں داخل کرنے کیلئے کرایہ پر بلڈنگ حاصل کریں گے جہاں پر انکو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے گا، اسی طرح معذور افراد کے حوالے سے تفصیلی اعداد وشمار اکھٹا کررہے ہیں جس سے پالیسی سازی میں مدد ملے گی۔

مشیر وزیراعلیٰ نے اپنی کلاس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی دونوں ہاتھوں اور پیروں سے محروم بچی کی بطور خاص حوصلہ افزائی کی اور ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کو اس بچی کو الیکٹرانک وہیل چیئر کی فراہمی کی ہدایت کی۔ مشال یوسفزئی نے خصوصی بچوں کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت رستم تک بڑھانے کی ہدایت کی جبکہ سوشل ویلفیئر کے ڈسٹرکٹ آفیسر کو مردان میں موجود بس فوری طور پر سپیشل بچوں کی آمد و رفت کے لیے سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کو دینے اور اسپیشل ایجوکیشن کمپلکس کی بسوں میں خواتین اٹنڈنٹ بھرتی کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر انہوں نے مختلف کلاسز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے خصوصی بچوں میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں جبکہ ادارے کی جانب سے مشیر وزیر اعلیٰ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اور دیگر مہمانوں کو بھی شیلڈز دی گئیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں