پشاور،صوبے میں درجہ حرارت میں اضافے کے پیش نظر وزیر صحت کے محکمہ صحت کو اقدامات اُٹھانے کے احکامات جاری

اتوار 12 مئی 2024 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے صوبے میں درجہ حرارت میں اضافے کے پیش نظر محکمہ صحت کو فوری طور اقدامات اُٹھانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ ہیٹ سٹروک سے بچنے کیلئے ہسپتالوں میں کول سپیسز قائم کرنے ، صوبہ کے تمام ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک ٹریٹمنٹ یونٹ قائم کرنے اور کیٹگری ڈی او راس سے اوپر کے ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک ٹریٹمنٹ یونٹس کا فوری قیام یقینی بنانے کی ہدایات دی ہیں۔

وزیر صحت نے تمام ہسپتالوں میں او آر ایس اور دیگر ضروری ادویات کی فوری دستیابی کیلئے اقدامات اٹھا نے سمیت تمام ڈی ایچ اوز کو اضلاع کی سطح پر ہیٹ ویو کے پیش نظر فوکل پرسنز تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ تمام ڈی ایچ اوز اور ڈپٹی کمشنرز کے تعاون سے اضلاع کی سطح پر ہیٹ سٹروک سے متعلق آگاہی مہمات چلائیں ۔

وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ ہسپتالوں کے وارڈز اور انتظار گاہوں میں پینے کے ٹھنڈے پانی کا بندوبست کیا جائے علاوہ ازیں ہسپتالوں میں تیماداروں کیلئے ہوادار انتظار گاہ اور اس پر چھت ہونا ضروری ہے۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ہیٹ سٹروک ٹریٹمنٹ یونٹس میں آئیس بیگز کی وافر مقدارمیں دستیابی اور عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ صحت کی جانب سے صوبے میں ممکنہ ہیٹ ویوسے بچنے اور علاج کیلئے ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے اور شہریوں کو بھی ہیٹ سٹروک سے بچنے کیلئے گھریلو مشروبات اور او آر ایس کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ممکنہ ہیٹ ویو سے بچاجا سکے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں