صوبے میں معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دے رہے ہیں،وزیرخوراک خیبرپختونخوا

اتوار 12 مئی 2024 18:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیرخوراک ظاہرشاہ طورو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے تقریباً 29 ارب روپے کی لاگت سے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری 7 مئی سے شروع کی ہے جو دوماہ تک جاری رہے گی،صوبے میں معاشی مشکلات کے باوجودعوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ممبرصوبائی اسمبلی افتخاراحمد جدون کے ہمراہ حویلیاں ایبٹ آباد میں گندم خریداری مرکز/گندم گودام کے دورے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پرڈسٹرکٹ گوڈ کنٹرولرایبٹ آباد نے صوبائی وزیرخوراک کو گندم خریداری کے لئے کئے گئے تمام انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گودام میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اورگودام میں تقریباً 18 ہزار میٹرک ٹن گندم کو ذخیرہ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیرخوراک نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گندم خریداری میں پہلے آئیں پہلے پائیں کے اصول اورشفافیت کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی کاشتکاروں سے گندم خریداری کا فیصلہ صوبائی حکومت نے کسانوں کے بہتر مفاد میں کیا ہے، مقامی کاشتکاروں سے گندم خریداری سے صوبے کو 12 ارب روپے کی بچت بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری میں ملوث بد عنوان اہلکار نہ صرف انسان دشمن تصورہو ں گے بلکہ ان کو مثالی سزا بھی دی جائے گی ،صوبائی وزیرخوراک نے کہا کہ کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پریقین رکھتے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں