ش*کمشنر پشاور ریاض محسود نے ڈبلیو ایس ایس پی کے سی ای او کا چارج سنبھال لیا

پیر 13 مئی 2024 22:40

p پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2024ء) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے کا اضافی چارج سنبھال لیا ہے ڈبلیو ایس ایس پی ہیڈ آفس آمد پر مینجمنٹ کے سینئر حکام نے انہیں خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں انہوں نے ڈبلیو ایس ایس پی مینجمنٹ کے اعلیٰ حکام کے اجلاس کی صدارت کی جس میں انہیں کمپنی کے مالی، آپریشنل، انتظامی امور، اب تک کامیابیوں اور درپیش مسائل وچیلنجوں کے بارے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں جنرل منیجرپی ایم ای آر سید ضمیر الحسن، جی ایم آپریشن محمد اعجاز، جی ایم پراجیکٹس ڈاکٹر محبوب عالم، زونل منیجرز اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ کمشنر نے دستیاب وسائل کا بہترین استعمال کرنے اور شہریوں کو بروقت معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے، خدمات میں مزید بہتری لائی جائے گی، خود انحصاری اور اہداف کے حصول کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں انہیں بتایا گیا کہ محدود وسائل کے باوجودماحول صاف رکھنے اور شہری خدمات کی بروقت فراہمی کے لئے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، 134 ٹیوب ویلوں کو خود کار طریقے سے چلانے کے نظام سکیڈا اور سات ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا ہے، متعدد ٹیوب ویلوں پر پانی کا معیار جانچنے کے آلات بھی نصب کئے گئے ہیں، سکیڈا کی بدولت مقررہ اوقات میں پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے، بجلی بلوں کی مد میں بچت ہو رہی ہے جبکہ شمسی توانائی پر ٹیوب ویلوں کی منتقلی سے سالانہ تقریباً 80 لاکھ روپے بچت ہوگی، آگاہی مہم مسلسل جاری رہتی ہے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے لئے علماء، اساتذہ اور منتخب نمائندوں کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے، تاجروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے روابط کے لئے کمیٹیاں اور کلسٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

کمشنر پشاور نے ڈبلیو ایس ایس پی کی کارکردگی پر اطمینان اور مزید بہتری لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں