خیبر پختونخوا کے عوام نے انتہائی مشکل حالات میں بھی پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں چھوڑا، ملک پختون یار خان

جمعرات 16 مئی 2024 18:40

Mپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک پختون یار خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے انتہائی مشکل حالات میں بھی پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں چھوڑا اور جس انداز میں پی ٹی آئی پر اعتماد کا اظہار کیا اس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی اور ووٹ کی طاقت سے مخالفین پر کاری ضرب لگاکران کی نیندیں حرام کی ہیں جبکہ روز بروز پی ٹی آئی کے ساتھ عوام کی محبت او رلگن بڑھتی جارہی ہے یہی ہماری کامیابی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر پشاور میں این ایچ اے کے ممبر مرشد امین خٹک سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پر جیلخانہ جات حمید الرحمان بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہفتے کے روز باقاعدہ بنوں تا رنگ روڈ پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا اور مختصر وقت میں اس کو مکمل کیاجائے گا جس سے علاقے کے مکینوں کا ایک حل طلب اور دیرینہ مسئلہ حل ہو گا عوام کو ٹرانسپورٹ کی آمدورفت کی سہولت مل جائے گی، منڈی میں نکاسی آب کے لئے نالیوں کی پختگی کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یکساں طور پر پورے صوبے میں ترقیاتی کام شروع کئے گئے ہیںاور کسی بھی علاقے کونظر انداز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں ترقیاتی کاموں پر توجہ دے رہی ہے اور برسوں سے پسماندہ علاقوں میںزیر التواء مسائل کے حل کو یقینی بنا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو ریلف فراہم کرنا اور ان کی محرومیوں کا ازالہ کرنا ہے ۔اس موقع پرملک پختون یارخان نے بنوں تا نورنگ روڈ کا تعمیراتی کام شروع کرنے پر این ایچ اے اور خاص طور پر مرشد امین خٹک کا بھی شکریہ اداکیا ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں