سیلز ٹیکس آن سروسز کی عدم ادائیگی، کیپرا کا صوبہ بھرمیں ٹیکس نادہندہ ریسٹورانٹس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

جمعہ 17 مئی 2024 23:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی(کیپرا) فوزیہ اقبال کی ہدایات پر ٹیکس کی عدم ادائیگی پر پشاور صدر کینٹ کے علاقے میں واقع ایک بڑے ریسٹورانٹ کا ریکارڈ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کیپرا فوزیہ اقبال نے اپنے بیان میں کہا کہ پشاور سمیت صوبے بھر کے متعدد ہوٹلز اور ریسٹورانٹس کی جانب سے ٹیکسز کی عدم ادائیگی سامنے آرہی ہے جبکہ کیپرا کی جانب سے ان کو متعدد بار نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں تاہم ان کی جانب سے کسی قسم کی مثبت پیشرفت سامنے نہیں آئی جس کی بنیاد پر خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کی انتظامیہ مجبور ہے کہ ان کے خلاف سخت اقدامات لیں۔

ڈی جی کیپرا کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کی جانب سے ٹیکس کی عدم ادائیگی میں ملوث تمام ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے تمام ریسٹورانٹس اور ہوٹل جو کہ ٹیکس کی عدم ادائیگی میں ملوث ہیں ان کا ریکارڈ سرکاری تحویل میں لیا جائے گا اور ان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اس ریسٹورانٹ کی انتظامیہ کو کیپرا کے قوانین و ضوابط کے مطابق متعدد بار نوٹسز جاری کئے گئے تھے اور ان کو اپنا ریکارڈ کیپرا کے عملے کے پاس جمع کرانے کا کہا گیا تھا لیکن ان کی جانب سے کوئی معقول جواب موصول نہیں ہوا تھا جس کے بعدریسٹورانٹ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں