کوئٹہ لیویز کے عملے نے منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

لاکھوں روپے مالیت کی ڈیڑھ من چرس برآمد ، گاڑی قبضے میں لے لی، ملزم گرفتار

پیر 18 مارچ 2019 23:17

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) کوئٹہ لیویز کے عملے نے منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی ڈیڑھ من چرس برآمد کر کے گاڑی قبضے میں لیکر ملزم کو گرفتار کر لیا گزشتہ 4 سالوں کے درمیان لیویز نے 6 سو کلو گرام منشیات برآمد کر کے 5 ملزمان کو گرفتار کیا ہے یہ بات اسسٹنٹ کمشنر صدر ببرک خان کاکڑ نے لیویز لائن کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی اس موقع پر لیویز رسالدار گل خان کاکڑ ، تحصیل دار اجاز احمد کھوسو ، دفعدار محمد اسلم ، شراف الدین اور نوحصار لیویز چیک پوسٹ کے انچارج اکرام الدین سمیت دیگر موجود تھے اسسٹنٹ کمشنر صدر ببرک خان کاکڑ نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر)طاہر ظفر عباسی کی خصوصی ہدایت پر لیویز کے عملے نے گزشتہ شب مختلف علاقوں میں چیکنگ کو سخت کرتے ہوئے شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی نوحصار کے علاقے میں لیویز چیک پوسٹ انچارج اکرام الدین نے دیگر عملے کے ہمراہ نوشکی سے کوئٹہ آنے والی ایک پک اپ گاڑی کو روک کر چیک کیا تو اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 60 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کر کے قبضے میں لیکر ملزم علی احمد سکنہ نوشکی کو گرفتار کر لیا برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے انہوں نے بتایا کہ ملزم رات کی تاریکی میں منشیات کوئٹہ سمگل کرنا چاہتا تھا کہ لیویز کی جانب سے بروقت کارروائی کرنے پر منشیات سمگل نہ ہو سکی ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ لیویز کی بہتر کارکردگی کی بدولت بی ایریا میں جرائم کی شرح کم ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 4 سالوں کے دوران لیویز کے عملے نے کوئٹہ پنجپائی سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 600 کلو گرام منشیات جس میں چرس افیون برآمد کر کے 5 ملزمان کو گرفتار کیا ہے انہوں نے بتایا کہ لیویز کے استعداد کار کو مذید بہتر بنانے کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ جرائم کی شرح پر قابو پایا جا سکے ہماری کوشش ہے کہ جرائم پر قابو پا کر امن کی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں