محکمہ تعلیم کے منسٹریل کیڈر کے ملازمین کے سروس رولز کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں،حاجی محمد خان لہڑ ی

منگل 10 دسمبر 2019 16:36

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ثانوی تعلیم حاجی محمد خان لہڑ ی نے کہاہے کہ محکمہ تعلیم کے منسٹریل کیڈر کے ملازمین کیلئے موجود سروس رولز کو مزید بہتر بنانے کیلئے حکومتی سطح پر تمام ضروری اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں، اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عدالت عالیہ بلوچستان کے فیصلے کے مطابق سینئرپوزیشن پر تعینات تمام جونیئرافسران کو ہٹا دیا گیا ہے اور اس وقت صوبے میں محکمہ تعلیم کا کوئی بھی سینئر آفیسر او ایس ڈی نہیں، افسران کی ترقی کے لیے سروس سٹریکچر مرتب کرلیا گیا ہے اور سینیارٹی فہرستوں کو جلد از جلد حتمی شکل دے کر ضروری کارروائی کے بعد اساتذہ کو ترقی دے دی جائے گی، ملازمین کے 20فیصد پرومو شن کوٹے پر جلد عمل درآمدکو یقینی بنایا جارہا ہے انتظامی اور تدریسی سٹاف کو علیحدہ کیا جارہا ہے جس کے تحت اسا تذہ کو سکولوں تک محدود کر لیا گیا ہے اور تدریسی عملے کی غیر تدریسی جگہوں پر تعیناتیاں روک لی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملازمین کی فلاح وبہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، صوبائی حکومت تعلیم سمیت تمام محکموں کے ملازمین کی بہبود کیلئے کوشاں ہے، انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو بہتر سہو لیات فراہم کرنے کیلئے صوبائی سطح پر ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں، بلوچستان میں شعبہ تعلیم کو سیاست سے الگ کرکے بہتری کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ضروری تعلیمی ایکٹ نافذ کر دیا گیا ہے اور اب خلاف قانون اقدامات میں ملوث ایسے تمام اہلکاروں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو تعلیم کو سیاست کی بھینٹ چڑھا کر بچوں کے مستقبل سے کھیلتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیمی ایمرجنسی کے نفاذ کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات کی بدولت صوبے کے تعلیمی شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے، وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کے ویژن کے مطابق تعلیمی ترقی کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں