صوبائی وزیر نور محمد دمڑکا بلوچستان فوڈ اتھارٹی ہیڈ کوارٹرکا دورہ، مختلف امور اور اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ

جمعرات 25 اپریل 2024 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) نومنتخب صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے نور محمد دمڑ نے محکمہ خوراک کا قلمدان سنبھالنے کے بعد بلوچستان فوڈ اتھارٹی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ محکمہ خوراک اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس میں صوبائی وزیر کو مختلف امور اور اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری خوراک صالح محمد بلوچ، ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی، ڈائریکٹر جنرل فوڈ ڈیپارٹمنٹ ظفر اللہ کے علاوہ بی ایف اے و محکمہ خوراک کے ڈائریکٹرز و دیگر افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر اجلاس کے شرکاءسے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے کہا کہ ملک کی بڑی آبادی ناقص خوراک کھانے پر مجبور ہے جس سے امراض میں اضافے سے ہیلتھ سیکٹر پر بھی بوجھ پڑرہا ہے، عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی فراہمی اور لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی انتہائی اہمیت کا حامل ادارہ ہے، عوام کی بہتر صحت کے پیش نظر فوڈ سیفٹی قوانین پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،محکمہ خوراک اور بی ایف اے میں اصلاحاتی عمل کا سلسلہ جاری رہے گا۔

علاوہ ازیں صوبائی وزیر خوراک نے سیکرٹری خوراک کے ہمراہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جدید سائنٹیفک لیبارٹری سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے اور اجلاس میں شریک اعلیٰ افسران کو اتھارٹی کی آئندہ بورڈ میٹنگ میں ضروری اصلاحات سے متعلق سفارشات مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔قبل ازیں صوبائی وزیر کو سیکرٹری خوراک، ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے اور ڈی جی فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے مختلف امور، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے تفصیلی بریفنگ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں