کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں یوم مزدور کے حوالے سے تقاریب و ریلیوں کا انعقاد

بدھ 1 مئی 2024 21:17

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں یوم مزدور کے حوالے سے تقاریب و ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلا ت کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں لیبر فیڈریشن ریلوے محنت کش یونین کے زیراہتمام ریلیاں نکالی گئیں جو کہ مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب پہنچی۔ ریلی میں شرکاء نے پلے کارڈز، جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔

ریلوے محنت کش یونین ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی کے رکن صوبائی اسمبلی میر لیاقت علی لہڑی نے کہا کہ محنت کش ملک کی صنعتی واقتصادی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف طریقوں سے محنت کش طبقہ کیلئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں اور کسانوں کی خصوصی اہمیت کے پیش نظر حکومت انکی فلاح و بہبود اور معاشرہ میں انہیں باعزت مقام دلانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ انکی معاشی حالت کو بہتر بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ریلوے محنت کش یونین کے صوبائی صدر مجید زہری جنرل سیکرٹری محمد رئوف بابر، ماما افضل بنگلزئی چیئرمین ریلوے محنت کش یونین کوئٹہ ڈویژن اور دیگر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کی بند ٹرینوں کو فوری بحال کیا جائے ، عرصہ داز سے ریٹائرڈ ملازمین کی گریجوٹی دی جائے ،ٹی ایل اے اور کوکنٹریکٹ ملازمین کو جلد از جلد کنفرم کیا جائے ۔ دریں اثناء لیبرفیڈریشن کی ریلی سے خطاب کرتےہوئے رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ میں آج کے دن تمام محنت کشوں کو سلام پیش کرتا ہوں،ہمارے مزدوروں اور محنت کشوں نے ملکی ترقی و تعمیر میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر لیبرفیڈریشن کے دیگر قائدین نےبھی خطاب کیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں