انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے صاف ستھرے ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داریوں میں سے ہے،صوبائی مشیر نسیم الرحمان خان ملاخیل

جمعہ 17 مئی 2024 17:54

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) صوبائی مشیر کلائمنٹ چینج و ماحولیات نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا ہے کہ سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے خطرناک اور زہریلے سالڈویسٹ کی مناسب اندازمیں تلفی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے جبکہ اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ویژن کے مطابق صوبے میں بھرپور مہم شروع کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ شہر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں کے فضلات کی تلفی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ماحولیات ندیم الرحمان اور ڈائریکٹر جنرل ماحولیات یاسر بازئی نے اس حوالے سے گزشتہ 6 ماہ کے دوران کئے گئے اقدامات کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس وقت 8 ہسپتالوں میں ویسٹ تلف کرنے کے لیے انسنی ریٹرز نصب ہیں جن میں سے صرف 4 انسنی ریٹرز کام کر رہے ہیں، جن کی 22 ہزار کلوگرام سے زائد فضلات تلف کرنے کی کیپسٹی ہے۔

(جاری ہے)

ویسٹ مینجمنٹ کی خلاف ورزی پر 9 ہسپتالوں کو جرمانے کئے گئے ہیں، 48 ہسپتالوں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں جبکہ اس حوالے سے 3 ہسپتالوں کے مقدمات انوائرمنٹل پروٹیکشن ٹربیونل بلوچستان میں زیر سماعت ہیں۔ اس وقت کوئٹہ میں 15 سرکاری اور 78 نجی ہسپتال قائم ہیں۔ اس موقع پر صوبائی مشیر نسیم الرحمان خان ملاخیل نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں کی ویسٹ مینجمنٹ کے مناسب اور موزوں طریقہ کار کو یقینی بنا یاجا ئے، تمام ہسپتالوں میں انسنی ریٹرز کو فعال بنایا جائے اور ترجیحی بنیادوں پر مسئلے کے تدارک کے لیے ہسپتالوں میں فضلات کی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق تلفی کے عمل کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ فضلات تلفی کی سائٹس کے دورے بھی کئے جائیں، ہسپتالوں کی ویسٹ کی نقل وحمل کو سختی سے مانیٹر کیا جائے کیونکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے صاف ستھرے ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داریوں میں سے ہے۔ صوبائی مشیر نسیم الرحمان خان ملاخیل نےمزید کہا کہ تمام اضلاع کے افسران و اہلکاروں کو سختی سے پابند کیا جائے کہ وہ اپنی جائے تعیناتی پر اپنی حاضری کو یقینی بنائیں ،اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں