ٌنیب بدعنوانی کے خلاف سہہ جہتی حکمت عملی یعنی آگاہی، روک تھام اور نفاذ کہ تحت کام کرتا ہے

جمعہ 17 مئی 2024 22:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2024ء) انسداد بدعنوانی آگاہی مہم کے سلسلے میں نیب (بلوچستان) نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کوئٹہ کے طلباء کے وفد کو نیب بلوچستان کے دورے کی دعوت دی۔ اس موقع پر وفد کو بدعنوانی کے خلاف نیب کے وڑن، کردار اور مینڈیٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور واضح کیا گیا کہ نیب بدعنوانی کے خلاف سہہ جہتی حکمت عملی یعنی آگاہی، روک تھام اور نفاذ کہ تحت کام کرتا ہے۔

اس سلسلے میں وفد کے ساتھ نیب کی کامیابیاں شیئر کی گئیں اور یہ بھی بتایا گیا کہ نیب اپنے آپریشنل طریقہ کار میں اصلاحات کر رہا ہے۔ وفد نے نیب (بلوچستان ) کے مختلف دفاتر کا دورہ کیا جن میں انویسٹی گیشن ونگ، شکایت سیل، پراسیکیوشن ونگ، لائبریری، آرٹ گیلری اور دیگر دفاتر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر (آگاہی و روک تھام) اور ان کی ٹیم نے مہمان طلباء کا استقبال کیا ، مختلف دفاتر کا دورہ کرایا اور متعلقہ ونگ/سیل کے افسران کی طرف سے کارِسرکار کے بارے میں بریفنگ کا انتظام کیا۔

ڈائریکٹر جنرل نے وفد سے بات چیت کی اور طلباء کو نیب کے کام کرنے کے طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کی اخلاقی ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگی اسلامی اقدار کے مطابق گزاریں تا کہ معاشرے سے بدعنوانی کی برائی کو ختم کیا جا سکے۔ اپنے لیکچر کے دوران، انہوں نے نیب میں شکایات کااندراج، انکوائری، تفتیش اور ریفرنس دائر کرنے کے مراحل بیان کئے۔

انہوں نے کہا کہ طلباء مستقبل کے رہنما ہیں اور انہیں نیب کے کام، اس میں شکایت درج کرانے کے عمل، بدعنوانی اور معاشرے پر اس کے اثرات وغیرہ کو جاننے کی اشد ضرورت ہے۔ نسٹ یونیورسٹی کے فوکل پرسن عالمگیر نے اس طرح کے معلوماتی سیشن کے انعقاد پر ڈی جی نیب (بلوچستان) اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور بدعنوانی کے خلاف پیغام پھیلانے کے لیے نیب کو تعاون کا یقین دلایا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں