ڈپٹی کمشنر جعفرآباد کی زیر صدارت مون سون بارشوں کی پیشگی تیاریوں بارے اجلاس

اتوار 19 مئی 2024 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2024ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد اظہر شہزاد کی زیر صدارت مون سون کی بارشوں کی پیشگی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ضلعی سربراہان سمیت مذہبی آئمہ نے شرکت کی ۔ اجلاس میں بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور پیشگی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے متعلق تفصیل کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا اور سیلاب کے دوران ایمرجنسی سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی ۔

اجلاس میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پٹ فیڈر کینال اور ان کی ذیلی تقسیم کار شاخوں کی کمزور پشتوں کی نئے سرے سے جانچ پڑتال کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے جو کمزور علاقوں کی فزیکل چیکنگ کرنے کے ساتھ ساتھ دستیاب تمام مشینری کو بھی چیک کرےگی اور اگر ضروری ہوا تو مشینری کی مرمت بھی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

صحت کے شعبے میں بہتری لانے اور ادویات کی وافر مقدار میں دستیاب کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ۔

اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو ہدایت دی گئی کہ وہ پیر سے ایک ہفتہ صفائی مہم، اینٹی ملیریا سپرے اور دیگر سرگرمیاں شروع کرے ۔ اجلاس میں ایکسین پی ایچ ای کو ہدایت کی گئی کہ وہ لوگوں کو دستیاب پانی کی فراہمی یقینی بنانے اور پائپوں کو جتنا جلد ممکن ہو تبدیل کریں۔ ضلع میں کام کرنے والی تمام این جی اوز کو کہا گیا کہ وہ 23 مئی کو ہونے والے اگلے اجلاس میں اپنی تمام کارکردگی کے متعلق تفصیلات فراہم کریں ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایک واٹس ایپ گروپ بنایا جائے گا جس میں سیلاب کے دوران ہنگامی صورتحال اور کی جانے والی کوششوں کو ایڈمن کے ایک ضلعی گروپ میں شیئر کیا جائے گا تاکہ مواد کو دیکھا جا سکے اور بوقت ضرورت ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بھی کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں