ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان میں شفافیت اولین ترجیح ہونی چاہئے،صوبائی سیکرٹری مواصلات و تعمیرات

جمعہ 24 مئی 2024 22:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2024ء) صوبائی سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر نے کہا ہے کہ صوبے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان میں شفافیت اولین ترجیح ہونی چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے محکمہ کے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ۔ اجلاس میں چیف انجینئر ڈیزائن ڈاکٹر سجاد بلوچ ، ایڈیشنل سیکرٹری مواصلات و تعمیرات امیر حمزہ زہری ، ٹیکنیکل ایڈوائزر مختیار احمد کاکڑ کے علاوہ کوئٹہ ، خضدار اور سبی کے چیف انجینئرز اور محکمہ مواصلات کے دیگر حکام بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر چیف انجینئر ڈیزائن ڈاکٹر سجاد بلوچ نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی افادیت ، کارکردگی اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات لعل جان جعفر نے ہدایات جاری کیں کہ صوبے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر معیار اور شفافیت اولین ترجیح ہونی چاہئے ۔

موثر اور مضبوط انفراسٹرکچر اور مواصلاتی نظام ہی بلوچستان کی ترقی کا ضامن ہے ۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے مزید کہا کہ تمام ضلعی انجینئر افسران اپنے جائے تعیناتی پر موجود رہیں اور مالی سال 24-2023ء کے اختتام تک اپنے اپنے اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ان کی تکمیل یا دیگر تکنیکی مسائل کے خاتمے کو یقینی بنائیں ۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں اور اس کے ساتھ ساتھ ترقی کے عمل کو آگے بڑھایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں ، ایسے ترقیاتی منصوبے جن کے مکمل ہونے سے اس علاقے کے عوام کو فائدہ حاصل ہو، ان منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے ، صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے محکمہ مواصلات و تعمیرات کا کلیدی کردار ہے ۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں