ڈپٹی کمشنر کاانٹر کالجز چیمپئن شپ کا افتتاح

پیر 13 فروری 2023 22:44

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2023ء) ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے انٹر کالجز چیمپئن شپ کا افتتاح کر دیا ہے،گورنمنٹ خواجہ فرید کالج میں انٹر کالجز چیمپئن شپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی تھے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرانزا عباسی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالج سعدیہ رشید، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اشفاق احمد، پرنسپل گورنمنٹ خواجہ فرید کالج پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود سمیت دیگر تعلیمی اداروں کے سربراہان موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے ایونٹ میں شریک طلباء وطالبات سے نظم و ضبط برقرار رکھنے کا حلف لیتے ہوئے ضلع میں انٹر کالجز گرلز اینڈ بوائز چیمپئن شپ کے آغاز کا اعلان کیا۔انہوں نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوران سروس صوبہ کے مختلف اضلاع میں ذمہ داریاں نبھانے کا موقع ملا مگر آج جس منظم انداز سے گورنمنٹ سیکٹرز کے کالجز نے ایک بہترین ایونٹ کا آغاز کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم وتربیت کے ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں میں طلباء کی شمولیت اہمیت کی حامل ہے۔ضلع میں کھلاڑیوں کی سہولت کے لئے متعدد سپورٹس کمپلیکس تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جبکہ سپورٹس جمنازیم میں ہاٹ اینڈ کول سوئمنگ پول، فلڈ لائٹ باسکٹ بال کورٹ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔قبل ازیں پرنسپل گورنمنٹ خواجہ فرید کالج پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور بتایا کہ اس ایونٹ میں ضلع کے تمام گرلز اینڈ بوائز سرکاری کالجز کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔\378

متعلقہ عنوان :

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں