ضلع حویلی کے قیام اور حویلی ایکسپریس وے سمیت حویلی کے آدھے مسائل حل کے قریب ہیں‘شجاع راٹھور

جمعہ 3 اپریل 2015 13:01

فارورڈکہوٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) پیپلز یوتھ آرگنائزیشن آزادکشمیر کے مرکزی وائس چےئرمین شجاع راٹھور نے کہا ہے کہ حویلی کو ضلع کا درجہ ،حویلی ایکسپریس وے،حویلی کے لئے ہاسپیٹل کمپلیکس ،حویلی کے دو انتخابی حلقے،پاور پراجیکٹ ،کیڈٹ اور ایف جی کالجز،ڈیجیٹل ٹیلیفون ایکسچینج ،موبائل اور انٹرنیٹ سہولیات،حویلی کو دنیا بھر کے سیاحوں کا مسکن بنانا،بے روزگار نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار اور تعلیمی طبی اور بنیادی سہولیات کی عوام کو دہلیز پر فراہمی میرا خواب تھا۔

جس کے لئے ہمیشہ آواز بلند کی۔انہوں نے کہا کہ ضلع حویلی کے قیام اور حویلی ایکسپریس وے سمیت حویلی کے آدھے مسائل حل کے قریب ہیں۔خواہش ہے کہ دو انتخابی حلقوں سمیت بقیہ مسائل بھی جلد از جلد پایہ تکیل تک پہنچیں۔

(جاری ہے)

شجاع راٹھور نے کہا کہ حویلی کے دو انتخابی حلقوں کے قیام کے لئے کچھ شخصیات مخالف ہیں۔لیکن حویلی کے دو انتخابی حلقے بن کر رہیں گے ۔

دو حلقوں کے قیام سے حویلی کے عوام کا براہ راست مفاد وابستہ ہے۔دو لاکھ آبادی کے مسائل کا حل کسی ایک نمائندے کے بس میں نہیں۔دو حلقوں کے قیام سے جہاں حلقے کے نمائندے تک عوام کی با آسانی رسائی ممکن ہو گی وہیں ترقیاتی فنڈز بھی دو گنا ہو جائیں گے۔شجاع راٹھور نے کہا کہ حویلی کے عوامی مسائل کے حل اور تعمیر و ترقی کے لئے حکومت اور اپوزیشن کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔

ذاتی مقاصد کے حصول کے لئے حویلی کے عوام کو برادرری ازم کے نام پر تقسیم کرنے کاسلسلہ اب ختم ہونا چاہئے۔برادریوں کی جنگ لڑتے لڑتے حویلی آج کی جدید دنیا میں بھی زمانہ قدیم کا منظر پیش کر رہا ہے۔حویلی کے عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے حویلی کے عوام کو ان کے رحم وکرم پر چھوڑ کر ریاستی سیاست میں مصروف ہو جاتے ہیں۔مگر اب کی بارحویلی کے عوام برادری ازم کے خول سے نکل کر صرف اور صرف حویلی کے مفاد کوسامنے رکھتے ہوئے فیصلے کریں۔شجاع راٹھور نے کہا کہ حویلی کے عوام ضلع حویلی کے قیام سے لیکر حویلی ایکسپریس وے تک صدر ریاست سردار یعقوب خان کے تہ دل سے مشکور ہیں ۔جنہوں نے ذاتی دلچسبی لے کر حویلی کے لئے میگا پراجیکٹس کا حصول ممکن بنایا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں