میڈیا تنقید کے ساتھ ساتھ حکومت کے اچھے اقدامات سے عوام کو آگاہ کرے، ڈپٹی کمشنر

بدھ 13 نومبر 2019 17:56

سرگودھا۔13نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) ڈپٹی کمشنرآسیہ گل نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کاغذی کارروائیوں پر اکتفا کرنے کی بجائے عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ سرگودہا شہر میں سیوریج اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی بنیادی اور بڑے مسائل ہیں جن کے حل کیلئے مختلف منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔

شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ڈویژنل انتظامیہ کی کورین کمپنی سے بات چیت بھی چل رہی ہے۔ اس امر کا ا ظہار انہوںنے الیکٹرانک میڈیا کلب میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر تعلقات عامہ مقبول احمد ملک،چیئرمین ملک ندیم خان ،صدر سیف خان اور جنرل سیکریٹری جنید خان کے علاوہ سیئنر صحافیوں رانا ساجد اقبال ،آفاق گوندل ،ملک محمد الطاف ،ذوالفقار علی ہاشمی ،ملک کامران اور انیس اکرم سمیت میڈیا کے دیگر نمائندگان اور کیمرہ مین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں مختلف محکموںکی ترقیاتی سکیموںپر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کی شفاف انداز میں تکمیل اور دیکھ بھال کیلئے کمیٹیوں میں عوام کی شمولیت کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ارزاں قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سمیت دیگر ادارے بڑا فعال کردار ادا کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ شہر میں ضلعی انتظامیہ خصوصی سٹالز لگارہی ہے۔ جہاں پر کسان براہ راست اپنی سبزیاں اور فروٹ سمیت دیگر اجناس کو لاکر فروخت کر سکیں گے۔ ڈپٹی کمشنر آسیہ گل نے کہاکہ میڈیا ریاست کی آنکھ کان اور معاشرے کو سنوارنے کا اہم ذریعہ ہے، ہر حکومت اور ادوار میں میڈیا کی آراء کو ہمیشہ مقدم سمجھا جاتا ہے۔

انہوںنے میڈیا نمائندگان پر زور دیاکہ وہ زردصحافت کی سختی سے حوصلہ شکنی کریں ۔ عام آدمی میں مایوسی پھیلانے کی بجائے ان کے اندر امید کی کرن کو برقرار رکھا جائے۔ انہوںنے کہا کہ میڈیا سرکاری اداروں پر مثبت تنقید کے ساتھ ساتھ اچھے کاموں اور اقدامات سے بھی تمام افراد کو آگاہ کرے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ سرگودہا کے صحافیوں کو صحت کارڈ اور اپنی چھت کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ تمام ممکنہ اقدامات اٹھارہی ہے۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے میڈیاکلب کے سبزہ زار میں کلین اینڈ گرین مہم کے سلسلہ میں پودا لگایا ۔ کلب آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیااور فضا میںکبوتر چھوڑے گئے ۔بعدا زاں چیئرمین کلب ندیم خان ،صدر سیف خان اور جنرل سیکریٹری جنید خان سمیت دیگر ممبران نے اظہار خیال کرتے ہوے اپنے ساتھیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ اور عوامی مسائل کی جانب نشاندہی کروائی ۔ اس موقع پر میڈیا کلب کی جانب سے ڈپٹی کمشنر سرگودہا کو کلب کی اعزازی ممبر شپ اور شیلڈ بھی دی گئی۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں