سرگودھا ، بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگی کا اگلا آپریشن چاروں اضلاع میں 17 مئی سے شروع ہوگا

بدھ 15 مئی 2024 17:29

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگی کا اگلا آپریشن چاروں اضلاع میں 17 مئی سے شروع ہو رہا ہے جو 15 دن میں مکمل کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنرز تمام سنٹرز پر آنے والی خواتین کے لیے سایہ بیٹھنے کی جگہ، پانی اور پنکھوں وغیرہ کا انتظام یقینی بنائیں۔

یہ احکامات انہوں نے ایک اجلاس میں جاری کیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے چاروں ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ خود ان تمام سنٹرز کا دورہ کریں اور تمام انتظامات بروقت مکمل کروائیں تاکہ اس سخت موسم میں آنے والی خواتین کو کسی قسم کا مسئلہ پیش نہ آئے۔ اجلاس کو ڈپٹی ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک مطہر عباس نے بتایا کہ سرگودہا کی ایک لاکھ 65 ہزار، خوشاب کی 51 ہزار، میانوالی کی 45 ہزار جبکہ بھکر کی ایک لاکھ 36 ہزار مستحق خواتین کو ادائیگی کی جائے گی جس کے لیے چاروں اضلاع میں 49 سنٹرز بنائے گئے ہیں۔

پہلے مرحلے میں 35 سال سے زائد عمر کی خواتین کو ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دی جائے گی کہ وہ قریبی سنٹر پر تشریف لا کر اپنی رقم وصول کریں۔ کمشنر نے واضح کیا کہ سنٹز پر ایجنٹ کی جانب سے کٹوتی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں