ڈپٹی کمشنر ز 25 مئی تک ہدف کے مطابق کپاس کی کاشت یقینی بنائیں ، کمشنرسرگودہا ڈویژن

بدھ 15 مئی 2024 17:44

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر ز 25 مئی تک ہدف کے مطابق کپاس کی کاشت یقینی بنائیں۔ انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں ڈویژنل کاٹن مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپاس ملک کی اہم فصل ہے جسے برآمد کرکے بھاری زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ امسال موسمی حالات سازگار نہ ہونے کے باعث کپاس کی کاشت میں تاخیر کی اطلاعات ہیں۔

کمشنر نے کہا کہ زرعی ماہرین نے سرگودہا ڈویژن میں 25 مئی تک کپاس کی بوائی کا ہدف دیا ہے لہٰذا ڈویژن بھر کے تمام ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور زرعی افسران فعال کردار ادا کرتے ہوئے ہر کاشتکار تک یہ پیغام پہنچانے کے لیے زیادہ سے زیادہ آگاہی پروگرام منعقد کرائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو اعلی معیار کا بیج،کھاد اور زرعی ادویات کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پانی کے حوالے سے بھی انہیں کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔

اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ امسال سرگودہا ڈویژن میں ایک لاکھ 97 ہزار 500ایکڑ رقبہ پر کپاس کی بوائی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سرگودہا میں 7 ہزار 710 ایکڑ، خوشاب میں2 ہزار 890 ایکڑ، میانوالی میں ایک لاکھ 45 ہزار 470 ایکڑ جبکہ بھکر میں 41 ہزار 430 ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کی جائے گی۔ چاروں اضلاع میں اب تک بوائی کا 34 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔

ڈویژن بھر کے 215 دیہاتوں میں کپاس کاشت کی جاتی ہے اور کسانوں کی رہنمائی کے لیے محکمہ زراعت کی 18 ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ اجلاس میں شریک کاشتکاروں کی جانب سے زرعی ٹیوب ویلوں کے زائد بلوں کی نشان دہی پر کمشنر نے فیسکو افسران کا اجلاس بھی طلب کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی رہنمائی اور معاونت کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں سرگودہا، خوشاب، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز سمیت متعلقہ محکموں کے افسران و کپاس کے کاشتکاروں نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں