سرگودھا، ڈپٹی کمشنر کی زیرِ صدارت ضلعی رابط کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کاانعقاد

جمعہ 17 مئی 2024 17:41

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) اورنگزیب حیدر خان نے انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو مزید توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کی کامیابی کیلئے محنت، لگن اور جذبے سے کام کیا جائے،مچھر کی افزائش نسل کی روک تھام انتہائی ضروری ہے۔ وہ جمعہ کے روز اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں ضلعی رابط کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد ِڈینگی ٹیمیں تمام ہاٹ سپاٹس کی باقاعدگی سے چیکنگ کریں،انسداد ڈینگی ٹیمیں جوہڑوں، تالابوں، زیر تعمیر عمارتوں، سروس سٹیشنز، ٹائر شاپس، کاٹھ کباڑ شاپس، ہوٹلز اور دیگر عوامی مقامات پر کڑی نظر رکھیں، جہاں کہیں مچھر کے لاروے کا شبہ ہو تو فوری ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھجوایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری عمارتوں اور دفاتر کی چھتوں کو بھی چیک کیا جائے اور وہاں پر کسی قسم کا پانی وغیرہ کھڑا نہیں ہونا چاہیے، عوام الناس میں اس ضمن میں شعور اجاگر کرنے کے لیے سمینارز سمیت دیگر آگاہی پروگرام منعقد کراوائے جائیں۔

انہوں نے انسداد ڈینگی ٹیموں کی وقتاً فوقتاً ٹریننگ کروانے کی بھی ضرورت پر زور دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ انسداد ڈینگی ٹیموں سے تعاون کریں اور اس سے بچاؤ کیلئے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اجلاس میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسلم سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں